امریکہ: گاڑی میں دھماکے سے تین افراد زخمی

نیشویل شہر کی پولیس واقعے کو ’ارادتاً‘ قرار دے رہی ہے، واقعے میں زخمی تینوں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

نیشویل شہر کی وہ سڑک جہاں پر گاڑی میں دھماکہ ہوا (اے ایف پی)

کرسمس کی صبح امریکی شہر نیشویل میں ایک گاڑی میں دھماکے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس واقعے کو ’ارادتاً‘ قرار دے رہی ہے جبکہ فائر حکام کے مطابق واقعے میں زخمی تینوں افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

روئٹرز نے نیشویل کے پولیس ترجمان ڈان آرون کے حوالے سے بتایا کہ پولیس نے ابتدا میں سیاحوں کے علاقے میں ’گولیاں چلنے‘ کی ایمرجنسی کال پر رسپانڈ کیا، تاہم موقعے پر موجود مشکوک گاڑی کی وجہ سے پولیس نے بم سکواڈ کو طلب کر لیا۔

ڈان کے مطابق بم سکواڈ راستے میں ہی تھا جب گاڑی میں دھماکہ ہو گیا۔’ہمارے خیال میں دھماکہ ارادتاً کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس وفاقی حکام بشمول ایف بی آئی اور بیورو برائے الکوحل، تمباکو، آتشی اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

ایف بی آئی کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر انڈیرو مک کیبی نے سی این این کو بتایا کہ اس دھماکے کا ہدف پولیس اہلکار ہو سکتے تھے کیونکہ وہ ایک مشکوک گاڑی کے رپورٹ کیے جانے پر رسپانڈ کر رہے تھے، جب گاڑی میں اچانک دھماکہ ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں اس شدت کے دھماکے کو ’ممکنہ دہشت گردی‘ کے تناظر میں دیکھا جائے گا، خواہ اس کے محرکات داخلی ہوں یا بیرونی۔

دھماکے سے کچھ دیر قبل پولیس اہلکار قریبی عمارتوں میں گھر گھر جا کر رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکا کہ دھماکے کے وقت گاڑی میں کوئی موجود تھا یا نہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ