پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث جمعے کو وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے آئندہ 30 دن کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو بالکل مفت کر دیا ہے جبکہ سندھ حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کو دو ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ اور تہران کے جوابی حملوں کے باعث خطے کی صورت حال کشیدہ ہے اور ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے، جس کے باعث بحری جہازوں کی آمدورفت معطل ہے۔
ایشیائی ممالک کی جانب سے خریدے گئے خام تیل کا تقریباً 90 فیصد اسی آبنائے سے گزرتا ہے، جو خلیج فارس کو بحر ہند سے جوڑتی ہے۔ اس آبنائے کی بندش سے عالمی منڈی میں توانائی کی قیمتیں غیر معمولی حد تک بڑھ چکی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس صورت حال کا اثر پاکستان پر بھی پڑا ہے اور 28 فروری کو اس جنگ کے آغاز کے بعد سے حکومت دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے۔
گذشتہ شب پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو کچھ کم کرنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جمعے کو سبسڈیز دینے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کہا کہ ’وزیراعظم کی ہدایات پر اسلام آباد میں تمام عوامی ٹرانسپورٹ آئندہ 30 دنوں کے لیے عام شہریوں کے لیے مفت کر دی جائے گی، جس کا آغاز کل (چار اپریل) سے ہوگا۔‘
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اس عوامی ریلیف اقدام کے لیے 35 کروڑ روپے کے اخراجات وزارتِ داخلہ برداشت کرے گی۔‘
اسی طرح پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ مففت کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد شہری اورنج لائن، میٹرو بس، سپیڈو اور گرین بس میں مفت سفر کر سکیں گے۔
اسلام آباد اور لاہور میں میٹرو بس سروس کے ذریعے لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں اور سبسڈی کے اس اعلان کو عوامی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ بائیک والے شہری کو 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سبسڈی ملے گی۔ اسی طرح کاشت کاروں کو بھی فی ایکڑ فی لیٹر ڈیزل پر 100 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے ٹرانسپورٹرز کا خود ساختہ 60 سے 65 فیصد اضافہ بھی ختم کر دیا ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے نئے کرایہ نامے میں لاہور سے دیگر شہروں کے کرایوں میں 25 فیصد اضافہ کر کے تمام بس اڈوں کو نیا کرایہ نامہ فوری آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی موٹر سائیکل مالکان کو دو ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دینے کا اعلان کیا۔
جمعے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس (سبسڈی) کا حکومت نے طریقہ کار بھی بنا لیا ہے۔ ’ہر موٹرسائیکل والے کو ایک مہینے کے لیے دو ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اپریل کے مہینے میں دو ہزار روپے دیے جائیں گے، اس کے لیے ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے ایک اپلیکیشن تیار کر لی ہے۔‘
بقول وزیراعلیٰ سندھ موٹرسائیکل سواروں کو اس اپیلیکشن پر خود کو رجسٹر کرنا ہو گا، جس کے بعد وہ اس سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے جمعے کو صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ موجودہ مہنگائی کا بوجھ غریب، مڈل کلاس اور اپر مڈل کلاس سب برداشت نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبنے نہیں دے گی اور مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے مزید ریلیف اقدامات جلد متعارف کرائے جائیں گے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ عمران خان کے دور میں کرونا کی عالمی وبا کے باوجود معیشت 6.1 فیصد شرح سے ترقی کر رہی تھی اور اس دوران عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا جبکہ پیٹرول کی قیمت ماضی میں 150 روپے تک محدود رکھی گئی تھی، آج یہ 450 روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کی پالیسیاں عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہی ہیں اور ان کے پاس نہ کوئی واضح پالیسی ہے نہ بحران سے نکلنے کا منصوبہ۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی موٹر سائیکل سواروں اور کسانوں کے لیے ریلیف اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت قومی سطح پر عوام کے مفاد میں کردار ادا کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے کے کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔