دنیا میں سب سے زیادہ پرکشش لہجہ کن لوگوں کا ہے؟

’بگ سیون ٹریول‘ نامی ادارے کی ویب سائٹ پر کیے جانے والے اس سروے میں 60 ممالک سے 8,500 افراد نے شرکت کی۔

فوٹو :  آئی سٹاک 

ایک حالیہ سروے کے مطابق نیوزی لینڈ میں بولی جانے والی انگریزی زبان کے لہجے کو دنیا میں سب سے پرکشش قرار دیا گیا ہے۔

’بگ سیون ٹریول‘ نامی ادارے کی ویب سائٹ پر کیے جانے والے اس سروے میں 60 ممالک سے 8,500 افراد نے شرکت کی۔

ان افراد نے دنیا بھر کی 50 مختلف زبانوں کے لہجوں میں سے نیوزی لینڈ کے لوگوں کی بول چال کو سب سے پرکشش قرار دیا۔

اس سروے میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی گلوکار لارڈی اور کیتھ اربن نے کی تھی جن کے لہجے کو سب سے زیادہ سراہا گیا۔

’نیوزی لینڈ والوں کا لہجہ انتہائی حد تک دلکش ہے۔‘ بگ سیون ٹریول نے یہ بات اس انگریزی لہجے کے بارے میں لکھی جو نیوزی لینڈ میں بولا جاتا ہے۔

’یہ دنیا میں سب سے پرکشش لہجہ ہےاور اس بات کا ہم باضابطہ اعلان کرتے ہیں۔‘

نیوزی لینڈ کے بعد جنوبی افریقہ والوں کے اور آئرش لوگوں کے لہجے کو بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پہ پرکشش قرار دیا گیا۔

سروے کے شرکاء کے مطابق اطالوی لہجے نے اس فہرست میں چوتھی جگہ حاصل کی ہے۔

ان کے علاوہ آسٹریلوی، سکاٹش، فرانسیسی، ہسپانوی، جنوبی امریکی، برازیلی اور پرتگالی لہجے بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہیں۔

انگریزی زبان کا سکاٹش لہجہ جس نے چھٹی پوزیشن حاصل کی، اسے برطانوی لہجے پر واضح برتری حاصل تھی۔  

برطانوی لہجہ اس فہرست میں بارہویں نمبر پر ہے۔

برطانوی شہر لیورپول میں بولی جانے والی انگریزی کے سکاس لہجے نے اس فہرست میں 32 ویں نمبر پر جگہ بنائی جبکہ نیو کاسل کا جورڈی لہجہ جو فی الحقیقت مشکل ترین  سمجھا گیا، 41 ویں نمبر پر رہا۔

نیو یارک والوں کی انگریزی کے لہجے کو ’تیز اور ناک میں بولے جانے والا‘ قرار دیا گیا جو اس فہرست میں 44 ویں نمبر پر تھا۔

کروشین، جس نے مقبولیت کے لحاذ سے اس فہرست میں آخری جگہ بنائی اب بھی دنیا بھر میں بولے جانے والے سات ہزار سے زائد زبانوں کے مختلف لہجوں سے بہتر قرار پایا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ