خاشقجی قتل رپورٹ پر پاکستان کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

پاکستان سمیت متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، خلیجی تعاون کونسل اور عرب پارلیمنٹ نے جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی رپورٹ پر سعودی عرب کے موقف کی حمایت کی ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب کی جانب سے تحقیقات پر اعتماد، یکجہتی کا اظہار کیا ہے (عرب نیوز)

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات سے متعلق سعودی عرب کے اقدامات کو پاکستان تسلیم کرتا ہے۔

امریکی انتظامیہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ کو گذشتہ روز منظر عام پر لائی تھی۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب کی جانب سے تحقیقات پر اعتماد، یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی حکومت نے اپنے قانونی نظام کے تحت قتل کے ذمہ داروں کے خلاف مکمل تحقیق کر کے انہیں سزا دی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب پہلے ہی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے امریکی کانگریس کی رپورٹ کو مسترد کر چکا ہے۔

سعودی صحافی کو دو اکتوبر، 2018 کو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیا گیا تھا۔ وہ اپنی طلاق سے متعلق کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے وہاں گئے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم سعودی شہری جمال خاشقجی کے گھناؤنے قتل کے حوالے سے امریکی کانگریس کو پیش کی گئی رپورٹ کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور سعودی مملکت کی قیادت پر منفی، جھوٹے اور ناقابل قبول الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ اس رپورٹ میں غلط معلومات اور نتائج اخذ کیے گئے۔‘

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ’سعودی وزارت خارجہ مملکت کے متعلقہ حکام کے اس سے قبل کیے گئے اُس اعلان کا اعادہ کرتی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ یہ قتل ایک گھناؤنا جرم اور ریاست کے قوانین اور اقدار کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔‘

’یہ جرم ایک ایسے گروہ نے انجام دیا تھا جس نے اپنی ایجنسیوں کے تمام احکامات اور مناسب قواعد و ضوابط کو رد کرتے ہوئے حد سے تجاوز کیا۔‘

دوسری جانب متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، خلیجی تعاون کونسل اور عرب پارلیمنٹ پہلے ہی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی رپورٹ  پرسعودی وزارت خارجہ کے موقف کی حمایت کر چکے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان