پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: پہلا ون ڈے، بارش اور صرف بارش

اوول میں کھیلا گیا پہلا میچ بار بار بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکا اور بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔

تصویر: روئٹرز

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہو سکا اور بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔

بدھ کو اوول میں تاخیر سے شروع ہونے والا میچ پہلے 47 اوورز اور پھر مزید بارش کی وجہ سے 41 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز سکور کیے۔ اس موقع پر ایک بار پھر تیز بارش شروع ہو گئی اور میچ روک دیا گیا۔

جب دوسری بار میچ روکا گیا تو پاکستان کے حارث سہیل 14 اور امام الحق 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے دو کھلاڑیوں میں اوپنر فخر زمان اور بابر اعظم شامل تھے۔

انگلینڈ کے 19 اوورز میں جوفرا آرچر کے چار عمدہ اوورز بھی شامل تھے، جس میں انھوں نے دو میڈن اوور کراتے ہوئے صرف چھ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ آرچر کو لے کر انگلش سلیکٹرز میں کافی بحث چل رہی ہے کہ آیا انھیں ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کیا جائے یا نہیں۔

کچھ ایسی ہی صورتحال کا سامنا پاکستانی بولر محمد عامر کو بھی ہے جنھیں ابتدائی سکواڈ میں تو شامل نہیں کیا گیا لیکن اگر وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو انھیں ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل بھی کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ