ثنا میر ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی سپن بولروں میں شامل

جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ثنا میر نے  اپنے کیریئر کی 146 ویں وکٹ حاصل کی، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی انیسہ محمد اور آسٹریلیا کی لیسا استالیکر کو یہ اعزاز حاصل ہے۔

پاکستانی آف سپنر ثنا میر۔ فائل تصویر: بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین کھیلا گیا آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ کا دوسرا ون ڈے تو جنوبی افریقہ کے نام رہا لیکن پاکستانی آف سپنر ثنا میر نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی خواتین بولروں کی فہرست میں جگہ ضرور بنالی۔

جنوبی افریقہ کے شہر پوٹشٹروم کے سین ویس پارک میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے  میں پاکستانی خواتین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے۔

جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 36.4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے اور اس طرح آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی۔

تاہم اسی اننگ میں ثنا میر نے  جنوبی افریقہ کی کھلاڑی اینڈری اسٹین کو آؤٹ کرکے اپنے کیریئر کی 146 ویں وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی سپنر انیسہ محمد اور آسٹریلیا کی لیسا استالیکر نے بھی 146,146 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

ثنا میر کے پاس موقع ہے کہ وہ سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں بہترین کارکردگی دکھا کر دنیا میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی سپنر بن جائیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تیسرا ون ڈے میچ اتوار 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ