پاکستان ٹیم کی نئی کٹ میں نیا کیا ہے؟

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کر دی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ میں ورلڈ کپ 2011 کے رنگوں کی جھلک ہے (پاکستان کرکٹ بورڈ)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ کی رونمائی کر دی گئی ہے۔

نئی کٹ کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیا گیا جہاں کٹ کی تصاویر اور ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔

اس سے قبل گذشتہ روز تین تبدیلیوں کے بعد پاکستان کے حتمی 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔

نئی کٹ میں گہرے سبز رنگ کو استعمال کیا گیا ہے جس میں گہرے سے ہلکے سبز رنگ تک کی پٹیاں سامنے اور پیچھے کی طرف موجود ہیں۔

پاکستان کا نام سامنے کی جانب موجود ہے اور پشت پر کھلاڑیوں کے ناموں سے تھوڑا اوپر کی جانب قومی پرچم بھی دکھائی دے رہا ہے۔

ورلڈ کپ 2019 کے لیے پاکستانی ٹیم کی کٹ کی تصاویر چند روز قبل بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں تاہم آج پی سی بی کی جانب سے باقاعدہ طور پر نئی کٹ کی رونمائی کی گئی ہے۔

اس نئی کٹ میں ورلڈ کپ 2011 کے لیے بنائی جانے والی پاکستان کٹ کی کچھ جھلک تو ہے لیکن تھوڑا فرق بھی رکھا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر نئی کٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پی سی بی کی جانب سے لکھا گیا: ’اب جب کہ پاکستان کی جرسی کی رونمائی کر دی گئی ہے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجیں۔‘

اس کے ساتھ ساتھ ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو دکھایا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، عماد وسیم، محمد حفیظ اور چند دیگر کھلاڑی بس سے اتر کر پہلی بار اپنی نئی کٹ کو دیکھنے آ رہے ہیں۔

بعد میں ورلڈ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی اس نئی کٹ میں تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ 2019 کا میلہ سجنے میں نو دن ہی رہ گئے ہیں جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اب بس انتظار ختم ہونے ہی والا ہے۔

پہلا میچ 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گا۔

سکواڈ کا اعلان ہو گیا، نئی کٹ بھی مل گئی اب بس میدان میں اترنا باقی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ