غزہ پر اسرائیلی بمباری اور فائرنگ، 41 فلسطینی زخمی

غزہ میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسرائیلی طیاروں نے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

غزہ میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسرائیلی طیاروں نے ہفتے کی شب حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اس سے قبل فلسطینی پٹی کی سرحد پر فائرنگ کے تبادلے میں ایک اسرائیلی فوجی اور 41 فلسطینی زخمی ہو گئے تھے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

یہ جھڑپیں غزہ کی حکمران جماعت حماس اور دیگر گروہوں کی طرف سے بیت المقدس کی حمایت میں منعقد ہونے والے احتجاج کے دوران پیش آئیں۔

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ سینکڑوں فلسطینی احتجاج کے دوران غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب جمع ہوئے جہاں کچھ نے سرحدی باڑ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی اور دھماکہ خیز مواد اسرائیلی فوجیوں کی طرف پھینکا۔

اسرائیلی بیان کے مطابق: ’آئی ڈی ایف (اسرائیلی ڈیفنس فورس) کے دستوں نے ہنگامہ آرائی کا جواب دینے کے لیے مظاہرین پر فائرنگ سمیت منتشر کرنے والے دیگر اقدامات کیے۔‘

غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے دو فلسطینیوں میں ایک 13 سالہ بچہ بھی شامل ہے جس کے سر میں گولی لگی ہے جب کہ دیگر زخمیوں میں سے بیشتر کے مختلف اعضا، پیٹھ اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔

ادھر فوج نے دعویٰ کیا کہ غزہ سے ہونے والی فائرنگ سے ایک اسرائیلی سرحدی پولیس کا سپاہی شدید زخمی ہو گیا جو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ غزہ کے حکام نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

فوج نے بتایا کہ غزہ سے ہونے والی فائرنگ کے جواب میں اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے حماس کے ہتھیاروں کے چار ذخیروں اور مینوفیکچرنگ سائٹس نشانہ بنایا۔ تاہم فضائی کارروائی میں فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

مزید ممکنہ جھڑپوں پیش نظر اسرائیلی فوج نے غزہ کے سرحدی علاقے میں اضافی فوج بھیجی ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی کہ فوج نے اپنے اینٹی میزائل سسٹم ’ آئرن ڈوم‘ کی تنصیب بڑھا دی ہے۔

حالیہ تشدد کے واقعات غزہ کے لیے قطری امداد کی بحالی کے اسرائیلی اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیت القدس میں کشیدگی رواں سال مئی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان 11 روزہ جنگ کا باعث بنی تھی جس میں دونوں جانب بھاری جانی نقصان ہوا۔

مصر کی ثالثی میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد قطر نے تباہ حال غزہ کی بحالی کے لیے امداد بھیجنے کی پیش کش کی تھی۔

حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ ہفتے کو ہونے والے فضائی حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل ’ہمارے لوگوں کی ثابت قدمی اور ان کی سخت مزاحمت کے سامنے اپنی ناکامی اور مایوسی کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا