سیرینا فوربز کی امیر ترین سیلف میڈ خواتین کی فہرست میں پہلی اتھلیٹ

فوربز کی جاری فہرست کے مطابق 23 بار ٹینس گرینڈ سلیم جیتنے والی سیرینا 22 کڑور 40 لاکھ  ڈالرز کی دولت رکھتی ہیں۔

فوربز کے مطابق سیرینا کی دولت کا بڑا حصہ ان کے ’دماغ اور برینڈ کی بدولت حاصل ہوا ہے نہ کہ ان کے بیک ہینڈ سے‘ ( فوٹو فائل، اے ایف پی)

سیرینا ولیمز نے فوربز میگزین کی امیر ترین سیلف میڈ (اپنے بل بوتے پر حاصل کردہ دولت رکھنے والی) خواتین کی فہرست میں شامل سب سے پہلی اتھلیٹ بن کر تاریخ رقم کر دی۔

فوربز کی جاری فہرست کے مطابق 23 بار ٹینس گرینڈ سلیم جیتنے والی سیرینا 22 کڑور 40 لاکھ  ڈالرز کی دولت رکھتی ہیں۔

فوربز کے مطابق سیرینا کی دولت کا بڑا حصہ ان کے ’دماغ اور برینڈ کی بدولت حاصل ہوا ہے نہ کہ ان کے بیک ہینڈ سے۔‘ سیرینا کی جانب سے گذشتہ پانچ سالوں میں 34 نئی سٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

اپنی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری پر سیرینا ولیمز نے فوربز کو بتایا: ’میں کاروبار کی بنیاد رکھنا چاہتی ہوں۔ اس کاروبار کے لیے میں برینڈ بننا چاہتی ہوں اور نہ صرف ایک برینڈ کا چہرا۔‘

اپریل میں سیرینا ولیمز کی جانب سے ایک انسٹا گرام پوسٹ میں اپنا کاروبار شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اعلان میں ٹینس سٹار کی جانب سے کہا گیا کہ وہ اس کاروباری فرم کا آغاز ’مختلف صنعتوں میں موجود تخلیق کاروں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے‘ کر رہی ہیں۔

ان کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ 2014 سے ہی یہ فرم 30 کمپنیز میں سرمایہ کاری کرتی چلی آرہی ہے۔

فوربز کے مطابق سرینا ولیمز کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری کا 60 فیصد خواتین یا سیاح فام افراد کی کمپنیز میں لگایا گیا ہے۔

سرینا نے فوربز سے بات کرتے ہوئے کہا: ’پیغام پھیلانے کا اس سے اچھا طریقہ کیا ہو سکتا ہے؟‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کاروبار پر توجہ دینے کے لیے کیا وہ ٹینس کھیلنا چھوڑ دیں گی تو سرینا کا کہنا تھا: ’مجھے کھیل کے میدان سے باہر جانے کی ابھی کوئی جلدی نہیں ہے۔ میں ایک برینڈ تخلیق کرنا چاہتی ہوں جو میرے کرئیر کی طرح طویل ہو۔ یہ فینسی نہیں ہے۔ لیکن یہ میرے کریئر کی طرح پائدار ہو گا۔‘

سرینا کے مطابق اس سلسلے میں انہیں اپنے شوہر الیکسس اوہانین کی حمایت بھی حاصل ہے جو اس کاروبار کے شریک بانی ہیں اور سوشل میڈیا  پلیٹ فارم ریڈیٹ کے چیف ایگزیکٹو بھی ہیں۔

وہ کہتی ہیں: ’میں اس سلسلے میں الیکسس پر انحصار کرتی رہی ہوں۔‘ جبکہ الیکسس کا کہنا تھا کہ سیرینا ہمیشہ کی طرح یہ کام کرنے کے لیے بھی بہت پر عزم تھیں۔

فوربز کی جانب سے سرینا کی یہ ستائش ان کے امریکی حریف صوفیا کینن کے ہاتھوں فریچ اوپن میں شکست کے کچھ روز بعد سامنے آئی ہے۔

اتوار کو 37 سالہ سیرینا کی جانب سے اس شکست پر بات کرتے ہوئے انسٹاگرام پر اپنے ایک کڑور 10 لاکھ مداحوں سے کہا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے پرامید ہیں۔ انہوں نے لکھا: ’کل میرا دن نہیں تھا۔ لیکن گرنے کے بعد بار بار اٹھنے کا جذبہ ہونا چاہیے۔ میں آنے والے وقتوں کے لیے پرعزم ہوں۔‘

سیرینا کی جانب سے اس پیغام پر مختلف شخصیات نے ان کی حمایت میں تعریفی کلمات بھی ادا کیے۔ گلوکار سیارا نے کہا: ’آپ ایسا کر سکتی ہیں۔‘

امریکہ فٹ بال ٹیم نیو انگلینڈ پیٹریاٹس کے کھلاڑی ٹام بریڈی نے کہا :’آپ بالکل ٹھیک کہہ رہی ہیں۔‘

سابق ٹینس سٹار بلی جین کنگ کی جانب سے کہا گیا ’ہاں ایسا ہی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین