خیبر پختونخوا: دو دھماکوں میں تین اموات، 20 سے زائد زخمی

باجوڑ میں مارٹر شیل پھٹنے سے ایک شخص جان سے گیا اور نو افراد زخمی ہو گئے جبکہ بنوں میں پولیس سٹیشن کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے دو اموات ہوئیں اور 12 زخمی ہو گئے۔

16 فروری، 2026 کو بنوں میں بم دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کو رضاکار ہسپتال پہنچاتے ہوئے (اے پی)

ریسکیو اور پولیس حکام کے مطابق پیر کو خیبر پختونخوا میں دو مختلف اضلاع میں دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد جان سے گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پہلے واقعے میں ضلع باجوڑ کے دور افتادہ علاقے سالارزئی میں ایک مشتبہ مارٹر شیل پھٹنے سے ایک شخص جان سے گیا اور نو افراد زخمی ہو گئے۔

سینیئر پولیس افسر انور زیب نے عرب نیوز کو بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بچوں کو ایک بغیر پھٹا مارٹر شیل ملا جسے وہ گھر لے آئے، جہاں اتوار کی شب وہ دھماکے سے پھٹ گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں بچے شامل ہیں۔

باجوڑ ریسکیو 1122 کے میڈیا افسر ریاض خان کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقعے پر پہنچ کر مرنے والوں اور زخمی افراد کو قریبی طبی مرکز منتقل کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسرے واقعے میں جنوبی ضلع بنوں میں میریان پولیس سٹیشن کے قریب ایک موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے پھٹ گیا۔

ضلعی پولیس افسر کے ترجمان عامر خان کے مطابق دھماکہ پولیس سٹیشن کے سامنے دکانوں کے قریب کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے ذریعے کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو شہری جان سے گئے اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

حکام کے مطابق دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستان میں 2021 میں افغانستان میں طالبان کی واپسی کے بعد سے خیبر پختونخوا میں حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں زیادہ تر سابقہ قبائلی اضلاع میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا۔

اسلام آباد کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سرحد پار افغانستان میں خود کو دوبارہ منظم کر لیا ہے اور وہاں محفوظ ٹھکانوں سے کارروائیاں کر رہی ہے۔

تاہم کابل اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان