پاگل میں خود ہوں، میں نے کس کو پاگل بنانا ہے: شاداب خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے گذشتہ شب ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔

شاداب خان نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے سوالوں کے جواب دیے (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے گذشتہ شب ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے سوالات کے جواب دیے۔

دیگر کھلاڑیوں کی طرح شاداب خان ایسا ماضی میں بھی کر چکے ہیں۔

تاہم گذشتہ شب ٹوئٹر پر بعض مداحوں نے اپنے سوالات کے جواب نہ دینے پر شکوہ کرتے بھی دکھائی دیے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر پر شاداب خان کے سات لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں منگل کو بھی ’آسک شاداب‘ ٹاپ ٹرینڈ بنا ہوا ہے۔

شاداب خان نے سوال، جواب کا سلسلہ ختم ہونے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ان فینز سے معذرت بھی کی جن کے سوالوں کے جواب وہ نہ دے سکے۔

لیگ سپنر شاداب خان نے لکھا کہ ’آپ سب کے سوالوں، تنقید، پیار اور سپورٹ کا شکریہ، میں ہر چیز کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ میں نے کوشش کی جتنا ہو سکے جواب دوں۔ معافی اگر آپ کو جواب نہیں مل سکا۔‘

سوال جواب کے اس سیشن کے دوران مداحوں نے شاداب خان سے مختلف قسم کے سوال کیے، جن میں کچھ سنجیدہ اور بعض مزاحیہ بھی تھے۔

علی نامی ٹوئٹر صارف نے شاداب خان سے سوال کیا کہ ان کا نام ’شیڈی‘ کیسے پڑا؟ اس پر شاداب خان نے بتایا کہ ’سیفی بھائی (سرفراز احمد) نے شروع کیا۔‘

اسی طرح کیسا نامی ٹوئٹر صارف نے سوال کیا کہ ’کیا آپ کے توتھ پیسٹ میں نمک ہے؟‘ اس کے جواب میں شاداب نے لکھا ’پتہ نہیں، کھا کر نہیں دیکھا۔‘

نعیم نیاز نے شاداب خان سے ان کی پسندیدہ اننگز کے بارے میں پوچھا تو اس پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف جب جیت کے لیے آٹھ رنز درکار تھے۔

شاداب سے انگلینڈ کی ٹیم میں ان کے پسندیدہ کھلاڑی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ انگلش وکٹ کیپر بلے باز جوس بٹلر ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

خلیل نے شاداب خان سے پوچھا کہ ان کا پسندیدہ ترین میچ کون سا ہے جس کے جواب میں انہوں نے چیمپئینز ٹرافی کا فائنل بتایا۔ اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر چیمپیئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اس میچ میں شاداب خان نے ویراٹ کوہلی کا سب سے اہم کیچ پکڑا تھا۔

علی رضا نے سوال کیا کہ مشکل ترین بلے باز کون ہیں تو شاداب خان نے لکھا روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر۔

سوال اور جواب کے اس سلسلے کے دوران جب حریم نور نامی صارف نے جواب نہ ملنے پر لکھا کہ ’دل ٹو گیا‘ تو شاداب نے انہیں جواب میں لکھا کہ ’یہ لو دل جوڑ لو۔‘

اسی طرح ایک اور صارف نے تلخ انداز میں شکوہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاگل بنا رہے ہو، جواب تو دے نہیں رہے۔‘ اس پر شاداب خان نے لکھا: ’پاگل میں خود ہوں میں نے کس کو پاگل بنانا ہے۔‘

محمد عدنان نے شاداب خان نے ان کی شادی کے حوالے سے سوال کیا جس کے جواب میں انہوں نے لکھا کہ ’جب گھر والے اوکے کریں گے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ