بلوچستان کے 10 سالہ ڈانسر جن سے ٹائیگر شروف ملنا چاہتے ہیں

سبحان سہیل کے ڈانس کی ویڈیو عرب نیوز پر چھپی تو بالی وڈ سٹار ٹائیگر شروف نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ کبھی نہ کبھی سبحان سے ضرور ملیں گے۔

اپنی ڈانس مووز سے وائرل ہونے والے 10 سالہ پاکستانی سبحان سہیل کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی اداکار ٹائیگر شروف کے ان سے ملنے کی خواہش پر خوش ہیں اور خود بھی ٹائیگر شروف سے ملنا چاہتے ہیں۔

بالی وڈ سٹار ٹائیگر شروف نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ انہیں سبحان سہیل سے مل کر خوشی ہوگی، جن کی بریک ڈانسنگ کی مہارت عرب نیوز کی ایک ویڈیو رپورٹ میں شائع ہوئی تھی۔

اس بھارتی اداکار، مارشل آرٹسٹ اور رقاص نے 10 سالہ بچے کو جاننے کے بعد ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ اس لڑکے کے کام سے متاثر ہوئے ہیں۔

وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں شروف نے کہا:’امید ہے کہ کسی دن اس سے ملاقات ہو جائے گی۔‘

بلوچستان کے ضلع کیچ کے گاؤں دیگاری کاہن میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہنے والے سہیل کی عمر چھ سال تھی جب انہوں نے رقص سیکھنا شروع کیا۔

چار سال بعد، جب ایک استاد نے سکول یونیفارم میں ان کے بریک ڈانسنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو یہ ویڈیو وائرل ہونے کے وہ اپنے آبائی صوبے میں مشہور ہوگئے۔

جب سہیل نے عرب نیوز کی خبر پر اپنے متعلق شروف کا رد عمل دیکھا تو انہوں نے بھارتی سٹار کے لیے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کیا۔

انہوں نے کہا کہ:’ ٹائیگر شروف، مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ نے مجھ سے ملنے کی خواہش کا اظہارکیا، میں بھی آپ سے ملنا چاہتا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ:’عرب نیوز نے میری آواز آپ تک پہنچا دی ہے اور اب میں آپ سے ملنے کے لیے بےتاب ہوں۔ آئی لو یو ٹائیگر شروف۔‘

سبحان نے کبھی یہ مہارت حاصل کرنے کے لیے کوئی کلاس نہیں لی اور آن لائن ویڈیوز دیکھ کر نئی مہارتیں سیکھ رہے ہیں۔

ان کے والد سہیل اسماعیل نے عرب نیوز کو بتایا کہ:’سبحان گھر میں ٹی وی اور ویڈیوز دیکھ کر متاثر ہوتے تھے۔ وہ ٹائیگر شروف کی فلمیں دیکھتے اور کہتے تھے کہ میں ٹائیگر شروف بنوں گا۔‘

سہیل نے بتایا کہ ’سبحان عام طور پر ایک دن میں سکول کی پریکٹس کے بعد دو گھنٹےگزارتا ہے۔ بعد ازاں لوگوں کے سامنے پرفارم کرنا ان کی پسندیدہ سرگرمی بن گئی ہے۔‘

سبحان نے کہا کہ ’شروع میں میں شرمیلا اور لوگوں کے سامنے رقص کرنے سے ہچکچاتا تھا۔ پھر میرے خاندان نے سکول اور خاندانی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے میری حمایت کی اور حوصلہ افزائی کی۔‘

گزشتہ گیارہ برسوں سے سبحان کی سکول ٹیچر مومل ثاقب بلوچ نے کہا کہ ان کا نوجوان طالب علم ایک’ہیرو‘ ہے جو اپنی منفرد صلاحیتوں سے دوسروں کو تفریح  فراہم کرتا ہے۔

مومل ثاقب بلوچ نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سب سے پہلے ان کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جس کے بعد بہت سے لوگوں نے مجھ سے دوبارہ شیئر کرنے کا کہا کیونکہ انہیں ان کی پرفارمنس بہت پسند تھی۔ اب وہ پورے صوبے بلوچستان کے لیے رقص کی علامت بن گئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل