زلمی مدرسہ لیگ : مظفر آباد گراؤنڈ میں طلبہ کے چوکے چھکے

منتظمین کہتے ہیں کہ ممکن ہے ان ہی مدارس کے طلبہ میں کوئی مستقبل کا شاہد آفریدی، شعیب اختر یا وسیم اکرم ہو۔

مجموعی طور پر یہ زلمی مدرسہ لیگ کا چوتھا ایڈیشن ہے جس کا آغاز مظفرآباد میں ہوا ہے (انڈپینڈنٹ اردو)

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے جلال آباد سٹیڈیم میں منفرد کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

پیر سے اس سٹیڈیم میں شروع ہونے والی تین روزہ ’زلمی مدرسہ لیگ‘ کے کشمیر ایڈیشن میں شامل تمام کھلاڑیوں کا تعلق اس خطے کے دینی مدارس سے ہے۔

شلوار قمیض اور عمامے ٹوپیوں کے ساتھ گلی محلے یا چھوٹے موٹے میدانوں میں کھیلنے والے یہ کھلاڑی عام طور پر اس طرح کے سٹیڈیمز تک پہنچ نہیں پاتے ہیں۔

لیکن زلمی فاونڈیشن ان کھلاڑیوں کو مدارس کی گلیوں اور محلوں کے گراونڈز سے نکال کر، ٹریک سوٹ پہنا کر عالمی معیار کے سٹیڈیم تک لے آئی ہے۔

مجموعی طور پر یہ زلمی مدرسہ لیگ کا چوتھا ایڈیشن ہے جس کا آغاز مظفرآباد میں ہوا ہے۔

اس سے قبل یہ منفرد لیگ پشاور، میران شاہ اور کوئٹہ میں منعقد ہو چکی ہے۔ منتظمین کے مطابق اسی طرح کے مقابلے پنجاب اور سندھ کے شہروں میں بھی منعقد ہوں گے۔

مظفرآباد میں ہونے والی اس لیگ کا افتتاح پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کیا اور اس میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں۔

مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے  افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ زلمی مدرسہ لیگ پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کا احسن اقدام ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

زلمی مدرسہ لیگ کے آرگنائزر میاں عباس لائق کہتے ہیں کہ مدارس کے طلبہ کو اس ایونٹ سے صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مند سرگرمیوں کا بہترین موقع ملا ہے۔

میاں عباس کے بقول پاکستان بھر میں ہونے والی مدرسہ لیگز کے نتیجے میں چھ ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا اور پھر ان ٹیموں کے درمیان قومی سطح کے مقابلے ہوں گے اور تربیتی کیمپ لگایا جائے گا۔

’ہم چاہتے ہیں کہ مدارس کے بچوں کو بھی وہ مواقع ملیں جو دوسرے کھلاڑیوں کو ملتے ہیں۔ تاکہ یہ بچے بھی اپنے ٹیلنٹ کا اظہار کر سکیں اور پھر علاقائی اور قومی ٹیموں میں اپنی جگہ بنا سکیں۔‘

مدرسہ لیگ میں شامل ٹیم یو سی سٹرائیکر کے منیجر دانیال شہاب مدنی کہتے ہیں کہ ’ہمارا مقصد مدارس کے طلبہ کو گراؤنڈ سے متعارف کروانا ہے تاکہ وہ اپنے ٹیلنٹ کو ظاہر کر سکیں۔ ہو سکتا ہے انہیں مدارس کے طلبہ میں کل کا کوئی شاہد آفریدی، شعیب اختر یا وسیم اکرم ہو۔‘

زلمی مدرسہ لیگ کے ابتدائی دو میچز میں این سی میورک نے یوسی سٹرائیکر کو 25 رنز اور کوٹلی یونائیٹڈ نے مظفر آباد تھنڈر کو 59 رنز سے ہرا دیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ