نئی میک بک ایئر سے لے کر ایم ٹو چپ تک: ایپل کی تازہ لائن اپ

ایپل نے اپنی سالانہ ورلڈ وائڈ ڈویلپرز کانفرنس میں نئی مصنوعات اور اپ ڈیٹس متعارف کروائی ہیں۔

چھ جون 2022 کو کیلی فورنیا میں سالانہ ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی میں نئے ری ڈیزائن شدہ میک بک ایئر لیپ ٹاپ نمائش کے لیے رکھے ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے پیر کو اپنے آئی فونز کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کے علاوہ ’خریدیں ابھی اور ادائیگی بعد میں‘ سروس اور تازہ ترین ایم ٹو چپ کے ساتھ چلنے والی میک بک ایئر متعارف کروا دی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایپل نے اپنی دوسری بڑی سالانہ ورلڈ وائڈ ڈویلپرز کانفرنس میں ایک نیا کار ڈیش بورڈ بھی پیش کیا جو فورڈ اور جیگوار سمیت نئے ماڈلز میں آئے گا۔ اس کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ اور سیفٹی کے لیے متعدد فیچرز بھی ہوں گے۔

اس تقریب میں متعارف کروائی گئی بڑی مصنوعات درج ذیل ہیں۔

’خریدیں ابھی ادائیگی بعد میں‘ سروس

آئی فونز کے لیے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 16 میں لاک سکرین نئے وجیٹس، زیادہ پرسنلائزیشن اور نئی طرح کے نوٹیفکیشنز سے مزین ہو گی۔

ایپل پے استعمال کرنے والے صارفین اب اس ایپ کے ذریعے خریداری کر کے اس کی ادائیگی بغیر کسی اضافی فیس کے چھ ہفتوں میں چار اقساط کی صورت میں کر سکیں گے۔

نئے آئی او ایس میں کار پلے کے لیے تازہ اپ ڈیٹس میں نئے گیج کلسٹرز شامل ہیں اور فورڈ موٹر کمپنی اور جیگوار لینڈ روور سمیت آٹو میکرز اس فیچر کو اپنی کاروں کے ساتھ مربوط کریں گے۔

تیز سلیکون

ایپل نے ایم ٹو چپ متعارف کروائی ہے، جو کمپنی کی پہلی اِن ہاؤس چپ ایم ون کی جگہ لے گی۔

24 گیگا بائٹ میموری کے ساتھ آنے والی نئی چپ گذشتہ چپ سے 18 فیصد بہتر ہے اور فور۔ کے اور ایٹ ۔ کے ویڈیوز کی سٹریمز کو پلے بیک کر سکتی ہے۔

ایپل نے نئی چپ کے ساتھ دوبارہ ڈیزائن کی گئی میک بک ایئر اور میک بک پرو بھی لانچ کی ہے۔

اپ گریڈ شدہ میک بک

طاقت ور ایم ٹو چپ کو ایک بالکل نئے میک بک ایئر میں لگایا جائے گا، جسے ایم ٹو چپ کے لحاظ سے دوبارہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس میک بک کا وزن صرف 2.7 پاؤنڈز ہے، یہ 11.3 انچ موٹی ہے، اس میں 13.6 انچ لکویڈ ریٹینا ڈسپلے، ایک میگ سیف چارجنگ سسٹم اور ہیڈ فون جیک بھی ہے۔

میک بک ایئر کی قیمت 1199 ڈالرز سے شروع ہوگی اور یہ سرمئی، سونے، چاندی اور نیلے رنگ میں دستیاب ہوگی۔

میک بک پرو کی قیمت 1299 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔ دونوں لیپ ٹاپ اگلے ماہ دستیاب ہوں گے۔

آئی پیڈ میں نئے فیچرز

آئی پیڈ او ایس 16 میں فری فارم پروڈکٹیویٹی ایپ ہوگی، جس سے صارفین فیس ٹائم ویڈیو میٹنگز میں آئیڈیاز شیئر کر سکیں گے۔

کام کو تیز بنانے کے لیے آئی پیڈ ایپس کو مزید ’ڈیسک ٹاپ نما‘ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے آئی پیڈ پرو اب ایک دوسری سکرین پرایپس کے گروپ دکھائے گا۔

واچ او ایس میں صحت اور فٹنس کی بہتر خصوصیات

ایپل کی نئی گھڑی او ایس نو میں ورک آؤٹ کے لیے نئے میٹرکس اور ورزش کے لیے ہارٹ ریٹ زونز ہوں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

توقع ہے کہ اس کو جلد ہی آٹریل فبریلیشن ہیلتھ فیچر کے لیے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی کلیئرنس مل جائے گی۔

سافٹ ویئر کی یہ نئی اپ ڈیٹ صارفین کو ادویات کی فہرست بنانے اور انہیں ادویات لینے کی یاد دہانی کرانے میں بھی مدد کرے گی۔

سخت سکیورٹی خصوصیات

ایپل نے نئے آئی او ایس پر سکیورٹی فیچرز میں بھی اضافہ کیا ہے۔ اس نے سیٹنگز ایپ میں سیفٹی چیک لانچ کیا ہے، جس کی وجہ سے صارفین دوسروں کے ساتھ شیئر کیے گئے ذاتی ڈیٹا جیسا کہ لوکیش تک رسائی کو روک سکتے ہیں۔

صارفین سیفٹی چیک پیج سے اضافی حفاظت کے لیے دیگر ڈیوائسز پر آئی کلاؤڈ اکاؤنٹس سے بھی لاگ آؤٹ کرسکتے ہیں۔

میک او ایس اپ ڈیٹس

وینٹورا نامی نئے میک او ایس میں میل ایپ، کیمرہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹس اور بہتر پیداواری خصوصیات کی اپ ڈیٹس ہوں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی