برازیل کے ایک جج نے ایپل کو حکم دیا ہے کہ وہ نئے آئی فون کے ساتھ چارجر نہ دینے پر ایک شخص کو پانچ ہزار برازیلین ریل ( 1,081 ڈالرز) ادا کرے۔
ویب سائٹ انسائیڈر کے مطابق گویانیا شہر کی ایک سول عدالت کے جج وینڈرلی کیریس نے کمپنی کے اس عمل کو ’ٹائی سیل‘ یا ایسی صورت حال قرار دیا جس میں ایک کمپنی صارف کو ایک چیز کے ساتھ اپنی دوسری چیز خریدنے پر مجبور کرتی ہے۔
جج نے کہا کہ ایپل نے ’صارفین کو اپنی تیار کردہ دوسری پروڈکٹ خریدنے کا پابند کیا‘ جو ’بدسلوکی اور غیر قانونی تجارتی عمل‘ ہے۔
عدالتی دستاویزت کے مطابق ایپل نے اپنے دفاع میں کہا کہ ہر آئی فون ایک یو ایس بی - سی لائٹننگ کیبل کے ساتھ آتا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے فون کو کوئی دوسرا پاور اڈاپٹر استعمال کرکے چارج کرسکتے ہیں۔
تاہم جج نے اس دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کیبل ان وال اڈاپٹرز کے ساتھ کام نہیں کرتی جس میں یو ایس بی – سی پورٹ نہ ہو۔
انہوں نے ایپل کا یہ بیان بھی نوٹ کیا کہ اس نے ماحولیاتی آلودگی اور سپلائی کی کمی کی وجہ سے پاور اڈاپٹر فراہم کرنا بند کیا۔
جج نے اس پر کہا کہ ایپل اب بھی اپنے پاور اڈاپٹر تیار کر کے انہیں الگ سے فروخت کر رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا، ’یہ مناسب نہیں کہ اس طرح کے اقدام سے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کی کوشش کی جائے کیونکہ تمام شواہد بتاتے ہیں کہ کمپنی اس طرح کے ضروری آلات کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن اب اسے الگ سے فروخت کرتی ہے۔‘
ایپل نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ 2020 میں اپنے آئی فون 12 کے ساتھ پاور اڈاپٹر فراہم کرنا بند کر دے گا، جسے برازیلین حکومت نے صارفین سے ناانصافی قرار دیا۔
برازیل کے آؤٹ لیٹ G1 کے مطابق، 2021 میں برازیل نے ایپل کو اس وجہ سے 20 لاکھ ڈالرز کا جرمانہ کیا تھا۔
ایپل نے فوری طور پر عدالتی فیصلے پر تبصرہ نہیں کیا۔