نیا آئی فون: 1TB کی سٹوریج اور قیمت سوا تین لاکھ روپے؟

ایپل 14 ستمبر کو نئے آئی فونز اور دیگر مصنوعات متعارف کرنے جا رہا ہے۔ نئے آئی فون کے متوقع فیچرز کیا ہیں اور پاکستان میں یہ فون کتنی قیمت پر پری آرڈر ہو رہا ہے؟

آئی فون 13 کے اپنے پیش رو کی طرح اسی سائز کے چار ماڈل ہوں گے(اے ایف پی)

موبائل فون ٹیکنالوجی میں ہر سال ستمبر سے اکتوبر تک کا عرصہ بہت اہم خیال کیا جاتا ہے کیونکہ اس عرصے میں کئی ٹیکنالوجی کمپنیاں اپنی مصنوعات متعارف کرواتی ہیں۔

ایپل کمپنی بھی عموماً ہر سال ستمبر میں اپنے بڑے ایونٹ میں نئے آئی فونز، ایپل واچ اور ایئرپوڈ وغیرہ متعارف کرواتی ہے۔

ستمبر کے شروع ہوتے ہی پاکستان میں گوگل پر آئی فون 13 کو بہت زیادہ سرچ کیا جا رہا ہے اور لوگ ریلیز سے قبل نئے آئی فون کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

اس سال بھی کرونا وبا کی وجہ سے ایپل کی 14 ستمبر کو ورچوئل تقریب ہو گی، جس میں نئے آئی فونز متعارف ہوں گے۔

ہم یہاں نئے آئی فون کے کچھ متوقع فیچرز کا ذکر کریں گے۔ خیال رہے کہ یہ متوقع فیچرز تجزیہ کاروں، لیکرز اور ایف سی سی فائلنگز سے اخذ کیے جاتے ہیں۔

سٹوریج

9 ٹو 5 میک پر پوسٹ ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ نیا آئی فون سٹوریج کا مسئلہ حل کر دے گا۔

مشہور تجزیہ کار مینگ چی کیو کا دعویٰ ہے کہ آئی فون 13 پرو اور پرو میکس میں 128، 256 اور نئے 512 جی بی آپشن کے ساتھ ایک ٹیرا بائٹس تک کی سٹوریج کا آپشن دیا جا رہا ہے۔

ایک ٹیرا بائٹس کا آپشن یقیناً مہنگا ہوگا لیکن یہ ان صارفین کو پرکشش لگے گا جو اپنے فونز سے بہت زیادہ ویڈیوز بناتے ہیں۔

کیو کا یہ بھی ماننا ہے کہ بیس آئی فون 13 اور 13 منی میں سٹوریج 128 جی بی سے شروع ہوگی۔ آئی فون 12 میں انہی ماڈلز میں سٹوریج 64 جی بی سے شروع ہوتی تھی۔

کیو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نئے آئی فون کو سپلائی چین کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم اس کا آئی فونز کی ترسیل پر زیادہ اثر پڑنے کا اندیشہ نہیں۔

لیکس اور قیاس آرئیوں سے بھی پتہ چلتا ہے کہ آئی فون 13 کے اپنے پیش رو کی طرح اسی سائز کے چار ماڈل ہوں گے، یعنی آئی فون 13 منی، آئی فون 13، آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس۔

کیمرہ

نئے فونز میں امید ہے کہ کیمرے کی پرفارمنس مزید بہتر ہوگی اور اس میں ویڈیو پورٹریٹ موڈ، آسٹرو فوٹوگرافی موڈ، مزید بہتر الٹرا وائڈ لینز اور ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے عمدہ آپٹیکل زوم میسر ہو گا۔

خیال رہے کہ سام سنگ پہلے ہی S21 سیریز میں آسٹرو فوٹوگرافی اور ویڈیو پورٹریٹ موڈ دے چکا ہے۔

نئے سافٹ ویئر فیچرز

اس کے علاوہ نئے آئی فونز میں Always On Display آئے گا، جس کے بعد فون کی لاک سکرین پر وقت اور دوسرے سسٹم اشاریے ہر وقت دکھائی دیں گے۔

ایک اور مشہور قیاس آرئی یہ بھی ہے کہ آئی فون 13 کے پرو ماڈل میں 120 ہرٹز کا ڈسپلے آئے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ایپل اس حوالے سے سام سانگ کے مزید قریب آ جائے گا جو اپنے فلیگ شپ فونز میں 120 ہرٹز کا ریفریش ریٹ فراہم کرتا ہے۔

Always On Display اور تیز ری فریش ریٹس کا اثر فون کی بیٹری کی پرفارمنس پر پڑتا ہے جس کا توڑ ایپل بڑی بیٹری اور LTPO (Low-Temperature Polycrystalline Oxide) سکرینز کی صورت میں دے سکتا ہے۔

سیٹلائٹ کمیونیکیشن

ایک حیران کن قیاس آرائی یہ بھی ہے کہ آئی فون 13 میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن کی سہولت ہو گی جس سے صارف دور دراز مقامات پر نیٹ ورک نہ ہونے کی صورت میں ہنگامی کالز کر سکے گا۔

اگر باہر سے دیکھیں تو نئے آئی فون میں کوئی قابل ذکر تبدیلی نہیں ہوگی بلکہ وہ آئی فون 12 جیسا ہی نظر آئے گا۔

پاکستان میں لوگ عموماً کم قیمت اینڈرائیڈ فونز استعمال کرتے ہیں اور مہنگے آئی فونز کی طلب زیادہ نہیں لیکن ستمبر کے گوگل سرچز کے نتائج بتاتے ہیں کہ پاکستانی صارفین بے تابی سے نئے آئی فون کے منتظر ہیں۔ 

نئے آئی فونز کی قیمتیں تو تقریب میں ہی سامنے آئیں گی لیکن پاکستان کا ایک آن لائن سٹور سوا تین لاکھ روپے کی قمیت میں پرو میکس ماڈل پری آرڈر کا آپشن دے رہا ہے۔

واچ 7

ایپل کی تقریب میں ایپل واچ سیون بھی پیش کی جا سکتی ہے، جس میں تیز پروسیسر، نئے ہارڈ ویئر ڈیزائن، بڑے سکرین سائز اور نئے واچ فیسز متوقع ہیں۔

مختلف ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ واچ 7 میں انسانی جسم کا درجہ حرارت اور خون میں شوگر کی مقدار جانچنے کے فیچرز اس سال بھی نہیں ہوں گے۔

اس کے علاوہ تقریب میں ایئر پوڈ 3، نئی آئی پیڈ سیریز اور میک بک پرو بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

ایپل کمپنی اپنے سرپرائز کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔ اگر وہ اب تک کی قیاس آرائیوں سے کچھ ہٹ کر پیش کرے تو اچھنبے کی بات نہ ہو گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی