ایئر انڈیا کے تین افسران کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایات: سول ایوی ایشن انڈیا

ڈی جی سی اے کی ہدایت میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا یہ اقدام 12 جون کو احمد آباد میں پیش آنے والے حادثے سے متعلق ہے یا نہیں، جس میں طیارے میں سوار 242 میں سے صرف ایک شخص بچ سکا اور باقی سب جان سے گئے

12 جون 2025 کو احمد آباد کے ہوائی اڈے کے قریب رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہونے کے بعد ایئر انڈیا کے طیارے کا پچھلا حصہ دکھائی دے رہا ہے (ہینڈ آؤٹ / اے ایف پی)

انڈیا میں ہوا بازی کے منتظم ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے)  نے ’نظام کی ناکامیوں‘ کی وجہ سے ایئر انڈیا کو تین افسروں کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کر دی۔

اے ایف پی کے مطابق خبر رساں ادارے نے ہفتے کو وہ ہدایت نامہ دیکھا جس میں ان افسروں کو ہٹانے کا کہا گیا۔ منتظم ادارہ ایئر انڈیا کے طیارے کو حال ہی میں پیش آنے والے جان لیوا حادثے کے بعد فضائی کمپنی کے معاملات کی جانچ پڑتال کر رہا ہے۔

ڈی جی سی اے کی ہدایت میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا یہ اقدام 12 جون کو احمد آباد میں پیش آنے والے حادثے سے متعلق ہے یا نہیں، جس میں طیارے میں سوار 242 میں سے صرف ایک شخص بچ سکا اور باقی سب جان سے گئے۔ زمین پر موجود کم از کم 38 افراد بھی مارے گئے۔

ڈی جی سی اے کے ہدایت نامے میں کہا گیا کہ ایئرلائن کے رضاکارانہ انکشافات سے ’عملے کی ڈیوٹی کے طریقہ کار، قواعد پر عمل درآمد اور داخلی احتساب کے نظام میں نقائص‘ سامنے آئے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ ’خاص طور پر تشویش کی بات یہ ہے کہ ان بنیادی افسروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا فقدان ہے جو براہ راست ان آپریشنل کوتاہیوں کے ذمہ دار ہیں۔‘

ہدایت میں کہا گیا کہ ’یہ افسران سنگین اور بار بار ہونے والی کوتاہیوں میں ملوث رہے ہیں۔‘

ریگولیٹر نے ایئر انڈیا کو ہدایت کی کہ وہ آرڈر میں نامزد تین افسروں کو ’عملے کی ڈیوٹی سے متعلق تمام ذمہ داریوں اور اختیارات‘ سے ہٹا دے، ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرے اور کیے گئے اقدامات کی 10 دن میں رپورٹ پیش کرے۔ مستقبل میں خلاف ورزیوں کی صورت میں ’لائسنس معطلی‘ بھی ہو سکتی ہے۔

ایئر انڈیا نے ہفتے کو کہا کہ اس نے اس حکم پر عمل درآمد کیا ہے۔

ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایئر انڈیا اس بات کی پابند ہے کہ حفاظتی ضابطوں اور معیاری طریقہ کار پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تحقیقات کار یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ احمد آباد میں ٹیک آف کے فوراً بعد لندن جانے والے طیارے کے زمین پر گرنے کی وجہ کیا تھی۔

ایئر انڈیا نے جمعرات کو کہا کہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ ’بہترین حالت میں تھا‘ اور پائلٹس بھی ماہر تھے۔

حادثے کی جگہ سے کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر برآمد کر لیے گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے انڈین حکومت کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ملک کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے عملے کی ڈیوٹی شیڈولنگ اور نگرانی سے متعلق ’بار بار اور سنگین خلاف ورزیوں‘ پر ایئر انڈیا کو انتباہ جاری کیا۔

ڈی جی سی اے نے ایئر انڈیا کو ہدایت کی کہ وہ تین کمپنی افسروں ڈویژنل نائب صدر، عملے کے ڈیوٹی شیڈول کے چیف مینیجر اور ایک پلاننگ ایگزیکٹیو  کو عملے کی ڈیوٹی سے متعلق ذمہ داریوں سے ہٹا دے۔

ڈی جی سی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز ہیمانشو شریواستوو کے تازہ ترین حکم میں کہا گیا کہ ’خاص طور پر تشویش کی بات یہ ہے کہ ان اہم افسروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا فقدان ہے جو براہ راست ذمہ دار ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا