میک بک ایئر خریدا جائے یا میک بک پرو؟

ایپل سے خریداری کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لیے دل، گردہ، جگر سب چاہیے ہوتا ہے اور ان سب سے ضروری ایک عدد بینک اکاؤنٹ ہے جو خالی نہ ہو۔

ٹیکنالوجی کپنی ایپل کے ایک خصوصی ایونٹ میں میک بک کی نمائش کی جا رہی ہے (اے ایف پی فائل)

’مجھے لیپ ٹاپ خریدنا ہے۔ کون سا خریدوں؟‘ ’میک بک لے لو۔ وہی بہترین ہے۔ پیسے زیادہ لگیں گے پر چیز بہترین ملے گی۔‘

اگر آپ نے اپنا نیا لیپ ٹاپ خریدنے سے پہلے اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے مشورہ کیا ہوگا تو دو چار نے کچھ اسی طرح میک بک خریدنے کا کہا ہوگا۔

دو ماہ پہلے جب ہمارا لیپ ٹاپ بھی ہمیں دغا دے گیا تو ہمیں بھی چاروں اطراف سے میک بک خریدنے کا ہی مشورہ مل رہا تھا۔ بات دل کو لگ رہی تھی لیکن پیسے اپنے ہی خرچ ہونے تھے۔ سو سوچ بچار ضروری تھی۔ گھنٹوں انٹرنیٹ پر لگائے، دوستوں سے بات کی پھر یہی سمجھ آیا کہ خرید لیتے ہیں۔

فیصلہ ہو گیا تو آگے کے مراحل آسان تھے۔ اپنے ہی بینک اکاؤنٹ پر ڈاکہ مارا اور ایپل سٹور سے جا کر میک بک پرو خرید لائے۔

اس وقت ہمیں احساس ہوا کہ ایپل سے خریداری کرنا آسان کام نہیں ہے۔ اس کے لیے دل، گردہ، جگر سب چاہیے ہوتا ہے اور ان سب سے ضروری ایک عدد بینک اکاؤنٹ ہے جو خالی نہ ہو اور اس خریداری کے بعد بھی مکمل طور پر خالی نہ ہو۔

انسان اتنے پیسے خرچ کر رہا ہو تو خریداری کرتے ہوئے 10 بار سوچتا ہے۔ ہم نے بھی سوچا۔ سب سے بڑا سوال، کون سی مشین خریدوں؟

میک بک دو طرح کے ہیں۔ ایک میک بک ایئر اور دوسرا میک بک پرو۔ میک بک پرو میں بھی دو اقسام ہیں۔ ایک 13انچ سکرین کے ساتھ ہے اور دوسرا 16انچ سکرین کے ساتھ۔۔ ان میں سے کون سا میک بک خریدنا ہے؟

یہ فیصلہ تو بہت سے لوگ ان کی قیمتوں کی بنیاد پر ہی کر لیتے ہیں۔ میک بک ایئر کی قیمت 999 ڈالر (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) سے شروع ہوتی ہے جبکہ 13 انچ والے میک بک پرو کی قیمت کا آغاز 1299 ڈالر (تقریباً دو لاکھ پاکستانی روپے) سے اور 16 انچ والے میک بک کی قیمت 2399  ڈالرز یعنی پونے چار لاکھ پاکستانی روپے ہے۔

اب آپ دیکھ لیں آپ کا بینک اکاؤنٹ اور دل کتنا بڑا دھچکا برداشت کر سکتا ہے۔ ہم چونکہ ہر دو تین سال بعد نیا لیپ ٹاپ نہیں خریدنا چاہتے تھے تو ایک ہی بار دل بڑا کرکے 13 انچ والا میک بک پرو لے آئے۔ دو ماہ سے بہترین چل رہا ہے۔ سنا ہے اگلے 10 سال اسی طرح چل سکتا ہے۔

آپ کے لیے کون سا میک بک مناسب رہے گا؟ اس کا انحصار آپ پر ہے۔ سب سے پہلے تو خود سے پوچھیں کہ آپ کو اس مشین کی ضرورت کیوں ہے۔ ہمارا کام بس لکھنے اور پڑھنے تک محدود ہے تو ہم گرافکس کارڈ وغیرہ وغیرہ کے بارے میں پریشان نہیں تھے۔ ہمیں ایک ایسی مشین چاہیے تھی جس پر ہم یہ دونوں کام آسانی سے کر سکیں۔

ہمارے پچھلے لیپ ٹاپ کی بیٹری اس چائنہ کی تھی جو چین کے باہر پایا جاتا ہے۔ ایک گھنٹے میں ہی وفات پا جاتی تھی۔ ہمیں اپنا لیپ ٹاپ ہر وقت بجلی سے منسلک رکھنا پڑتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس لیے ہمیں اب ایسا لیپ ٹاپ چاہیے تھا جس کی بیٹری کم از کم بھی پانچ سے چھ گھنٹے آسانی سے چل سکے۔ ایپل میں یہ سہولت مل جاتی ہے سو ہم نے 13 انچ والا میک بک پرو خرید لیا کیونکہ اس کی بیٹری میک بک ایئر کی نسبت بہتر ہے۔

ہماری طرح اگر آپ بھی اپنے لیپ ٹاپ سے اچھی بیٹری لائف کے علاوہ کچھ نہیں چاہتے تو میک بک پرو خرید لیں۔ اس کے علاوہ دونوں مشینز میں کچھ خاص فرق نہیں ہے۔

دونوں کے ڈیزائن بھی ایک سے ہیں۔ اب دونوں میں M1 چپ بھی ہے جس نے میک بک کو پہلے سے کہیں تیز رفتار اور بہترین بنا دیا ہے۔ باقی خصوصیات بھی انیس بیس کے فرق کے ساتھ تقریباً ایک جیسی ہیں۔

ایک بڑا فرق ٹچ بار کا ہے۔ میک بک پرو ٹچ بار کے ساتھ آتی ہے جس کی مدد سے مختلف کام کیے جا سکتے ہیں۔ ہم نے پچھلے دو ماہ میں یہ ٹچ بار چند بار ہی استعمال کی ہے۔

آواز کم یا زیادہ کرنے کے لیے اور زوم میٹنگ لیو کرنے کے لیے۔ اس سے زیادہ ہم نے کبھی اس کا استعمال نہیں کیا لیکن کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر ہم ابھی بلاگ لکھ رہے ہیں تو ٹچ بار میں فارمیٹنگ کے آپشنز آرہے ہیں۔

اسی طرح براؤزر کھولتے ہیں تو یہ دو چار سرچ انجن دکھانا شروع کر دیتا ہے۔ جس کو چھو لیں وہ نئی سرچ بار میں کھل جاتا ہے۔ کسی ٹیب پر موجود ہوں تو ٹچ بار میں تمام کھلی ہوئی ٹیبس بھی نظر آرہی ہوتی ہیں۔

بس کسی بھی ٹیب کو چھوئیں، برائوزر پر وہی کھل جائے گی۔ ٹچ بار کے ایک طرف سری بھی موجود ہے۔ بوریت کی صورت میں اسے بھی تنگ کیا جا سکتا ہے۔

لیکن اس میں ایسا کچھ خاص نہیں ہے جسے بنیاد بنا کر میک بک پرو خریدا جائے۔ البتہ سٹوریج ایک اہم نکتہ ہے جو آپ کے فیصلے پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

میک بک پرو کی سٹوریج چار تا آٹھ ٹیرا بائٹ تک بڑھائی جا سکتی ہے جبکہ میک بک ایئر کی سٹوریج صرف دو ٹیرا بائٹ تک ہی بڑھائی جا سکتی ہے۔ دونوں مشینز کے ساتھ ایکسٹرنل ہارڈ ڈرائیو کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ سو یہاں بھی میک بک پرو آرام سے بازی جیت جاتا ہے۔

میک بک ایئر اور 13 انچ والے میک بک پرو میں دو تھنڈر بولٹ اور تین یو ایس بی سی پورٹس ہیں جبکہ 16 انچ والے میں چار ہیں۔ یعنی یہاں بھی میک بک ایئر اور 13 انچ والا میک بک پرو برابر ہیں۔

ڈسپلے کی بات کریں تو وہاں میک بک پرو بازی لے جاتا ہے۔ اس کی برائٹنیس میک بک ایئر سے بہت بہتر ہے۔ آڈیو بہرحال 16 انچ والے میک بک پرو کی اچھی ہے۔

پرفارمنس میں دونوں میک بک پرو ایک دوسرے کے برابر اور میک بک ایئر سے بہتر ہیں لیکن میک بک ایئر جس قیمت میں آتا ہے اس میں اس کی ویلیو میک بک پرو سے کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ پھر اس کا وزن بھی دونوں کے مقابلے میں کم ہے۔

اب آپ دیکھ لیں آپ نے کون سا میک بک لینا ہے۔ ہمیں بیٹری سے مطلب تھا وہ تو 13 انچ والے میک بک پرو کی بہترین ہے سو ہمارا انتخاب وہی ٹھہرا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ