آسٹریلیا: چاکلیٹ کی مصنوعات بنانے والی فیکٹری کی سیر

آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے 20 منٹ کی دوری پر واقع سوان ویلی میں بنی مارگریٹ ریور چاکلیٹ فیکٹری میں آپ کو ہر رنگے برنگے ڈیزائن اور ذائقے کی چاکلیٹ ملے گی۔

آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے 20 منٹ کی دوری پر واقع سوان ویلی میں بنی مارگریٹ ریور چاکلیٹ فیکٹری میں آپ کو ہر رنگے برنگے ڈیزائن اور ذائقے کی چاکلیٹ ملے گی۔

یہ فیکٹری تقریباً دو دہائیوں سے قائم ہے اور ہفتے کے سات دن کھلی رہتی ہے۔ یہاں اندازے کے مطابق 200 اقسام کی مختلف طرز کی چاکلیٹس موجود ہیں۔

سیاحوں کی توجہ کا مرکز یہاں چاکلیٹ ٹیسٹنگ اور مختلف اقسام کی چاکلیٹس بنتے دیکھنا ہے۔ ٹیسٹنگ یعنی چکھنے کے لیے یہاں تین اقسام کے چاکلیٹ جار موجود ہیں جس میں مِلک چاکلیٹ، ڈارک چاکلیٹ اور ریگولر چاکلیٹ شامل ہے اور یہ چاکلیٹس بالکل فریش ہوتی ہیں۔

چاکلیٹ سے بنی مصنوعات

یہاں دستیاب چاکلیٹ سے بنے باتھ سالٹ اور لوشن، صابن، مساج آئل اور لِپ بام جلد کے لیے بہت سود مند ہیں۔

خریدار ان مصنوعات کے ٹیسٹر پہلے اپنی جلد پر لگا کے دیکھتے ہیں، اس کی خوشبو کو محسوس کرتے ہیں اور مطمئن ہونے کے بعد ہی خریدتے ہیں۔

تمام مصنوعات آرگینک ہیں یعنی ان میں کوئی مصنوعی کیمیکل نہیں جو جلد کے لیے خطرناک ہو۔

یہاں کا سٹاف بہت دوستانہ ماحول میں چاکلیٹ کے بارے میں معلومات لوگوں کو دیتا ہے۔ 

دیگر کھانے کی اشیا کی بات کی جائے تو یہاں آپ کو چاکلیٹ سے بنے ڈبل روٹی پر لگانے کے لیے مختلف سپریڈ بھی آپ کو ملیں گے، جن میں کیرامل سالٹ اور رسبری جیسے فلیور شامل ہیں۔ 

اس کے علاوہ کیک اور پیسٹریوں میں استعمال ہونے والی چاکلیٹ ساس کے ساتھ ساتھ چاکلیٹ فلیور کا شہد بھی دستیاب ہے۔ 

اس فیکٹری کے اندر ہی ایک کیفے ٹیریا بھی بنا ہوا ہے جہاں سے آپ مختلف اقسام کی کافی خرید کر باہر بیٹھ کر ایک خوبصورت نظارے سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

یہاں پر آنے والے زیادہ تر لوگ اپنے دوستوں اور عزیزوں کے لیے چاکلیٹ گفٹ ہیمپرز خرید کر لے جاتے ہیں۔ چاکلیٹ سی بنی مختلف اقسام کی موم بتیاں بھی ہیں جو گھر میں ڈیکوریشن اور اچھی خوشبو کے لیے رکھی جاتی ہیں۔

مارگریٹ ریور چاکلیٹ فیکٹری کے لوگو والی ٹی شرٹس، مگ اور ٹوپیاں خاص طور پر لوگ یہاں سے لے کر جاتے ہیں تاکہ ان کا یہ دورہ یاد گار رہے۔

سکول کے بچوں کے لیے معلوماتی وزٹ میں یہاں سکول وین بھر کر طلبہ کو لایا جاتا ہے اور وہ اپنی آنکھوں سے چاکلیٹ بنتے دیکھتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا