شاہ رخ خان پر بھاری پڑے آریان خان

بالی وڈ کے کنگ خان اس بار خود پر نہیں اپنے بیٹے آریان پر فخر محسوس کرتے نظر آ رہے ہیں، اور ایسا کیوں نہ ہو جب بالی وڈ کے کئی سٹار شاہ رخ خان سے زیادہ آریان کی تعریف کرتے نظر آئے۔

ڈزنی فلمز کے بینر تلے بنی فلم ’دی لائن کنگ‘ کے ہندی روپ میں ’سمبا‘ کی آواز آریان  نے دی ہے جبکہ اس کے باپ ’مفاسا‘ کی آواز شاہ رخ کی ہے ( اے ایف پی)

بالی وڈ کے کنگ خان اس بار خود پر نہیں اپنے بیٹے آریان پر فخر محسوس کرتے نظر آ رہے ہیں اور ایسا کیوں نہ ہو جب بالی وڈ کے کئی سٹار شاہ رخ خان سے زیادہ آریان کی تعریف کرتے نظر آئے۔

فلموں میں ڈیبیو کرنے سے پہلے ہی آریان بالی وڈ میں موضوع بحث ہیں۔ ڈزنی فلمز کے بینر تلے بنی فلم ’دی لائن کنگ‘ کے ہندی روپ میں ’سمبا‘ کی آواز آریان نے دی ہے جبکہ اس کے باپ ’مفاسا‘ کی آواز شاہ رخ کی ہے۔

فلم کا ٹیزر ریلیز ہوتے ہی آریان کی آواز کی تعریفیں شروع ہوگئیں۔ ناظرین کو حیرت ہے کہ آریان کی آواز ہوبہو شاہ رخ خان جیسی ہے۔ فلم اداکار رتیش دیشمکھ نے تو ٹویٹ کرتے ہوئے یہاں تک لکھ دیا کہ ’مفاسا سے بہتر سمبا ہے‘، وہیں خود شاہ رخ نے اپنی ٹویٹ میں فخریہ انداز میں لکھا: ’میرا سمبا۔‘

 گویا ’لائن کنگ‘ سے آریان خان کی بالی وڈ میں انٹری ہو چکی ہے اور محض اپنی آواز کی وجہ سے ان کا موازنہ شاہ رخ خان سے کیا جانے لگا ہے۔

قارئین کو بتا دیں کہ شاہ رخ خان فیملی مین ہیں۔ وہ ہمیشہ اپنے خاندان کے ساتھ مختلف تقاریب میں نظر آتے ہیں۔ ان کی بیٹی سہانا خان بھی گاہے بگاہے فلمی خبروں میں اِن رہتی ہیں۔

آپ کو یاد ہو گا کہ ٹی 20 کرکٹ کے ایک مقابلے میں شاہ رخ خان پر اپنی بیٹی کی وجہ سے انتظامیہ کے ساتھ تو تو، میں میں ہونے پر کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ سہانا خان کے بارے میں شاہ رخ خان کہہ چکے ہیں کہ وہ فلموں میں اداکاری کرنا چاہتی ہیں، لیکن پہلے انہیں اپنی پڑھائی مکمل کرنی ہے۔

آریان کے سلسلے میں بھی شاہ رخ خان ہمیشہ حساس رہے ہیں۔ فلمی دنیا نے بھی کئی ستاروں کے بیٹے اور بیٹیوں کا خیر مقدم کیا، جس میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ خان اپنا مقام بنا چکی ہیں، لیکن آریان خان کے استقبال کے لیے بالی وڈ کئی سالوں سے اپنی بانہیں پھیلا ئے ہوئے ہے۔

البتہ آریان اداکاری سے پہلے پردے کے پیچھے رہ کر فلم کی باریک بینی سے آشنا ہونا چاہتے ہیں۔ انہیں اس کا موقع کرن جوہر نے دے دیا ہے۔ کرن جوہر کی ملٹی اسٹار فلم ’تخت‘ میں انہیں معاون ہدایت کار کے طور پر کام کرنے کا موقع مل چکا ہے۔

بالی وڈ کے ’سپر مین‘ ریتھک کی ’سپر 30‘ کا جلوہ

ایک طرف آریان خان کو اگر ان کے والد شاہ رخ سے بہتر آواز کی داد مل رہی ہے تو دوسری طرف ایک وقت میں شاہ رخ کو ٹکر دینے آئے ریتھک روشن بھی ان دنوں بالی وڈ میں موضوع بحث ہیں۔ ’کہو نا پیارہے‘ سے فلمی دنیا میں دھماکہ دار انٹری کرنے والے ریتھک روشن کی شاندار اداکاری سے متاثر ہو کر ناظرین بھی یہ کہنے پر مجبور ہو گئے تھے کہ بالی وڈ کو سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان یعنی کئی دہائیوں سے ہندی فلموں پر راج کرنے والے تینوں خانز کا متبادل مل گیا ہے۔

تاہم ریتھک روشن اپنی اس کامیابی کو برقرار نہیں رکھ سکے اور ان کی فلمیں باکس آفس پر ڈھیر ہونے لگیں۔ اپنے بیٹے کے کیریئر کو بچانے کے لیے ان کے والد راکیش روشن نے انہیں ’سپر ہیرو‘ کا امیج دیا اور ریتھک کی گاڑی چل نکلی، تاہم ان پر یہ ٹیگ لگ گیا کہ وہ صرف اپنے والد کی فلموں میں ہی اداکاری کا جوہر دکھا پاتے ہیں، لیکن ان کی نئی فلم اس امیج کو توڑتی ہے۔

’سپر 30‘ میں ریتھک کی اداکاری کی ستائش میں آدھی فلم انڈسٹری سامنے آئی ہے۔ یہاں تک کہہ دیا گیا ہے کہ سپر30 اس دہائی کی سب سے اچھی فلم ہے۔ بالی وڈ کی معروف شخصیات نے جم کر ریتھک روشن کی تعریف کی۔ گویا ’کہو نا پیار ہے‘ کے بعد ’سپر 30‘ ریتھک کی سب سے بڑی بلاک بسٹر ثابت ہونے والی ہے۔

یہ فلم ایک سچی کہانی پر مبنی ہے۔ ماہر ریاضی آنند کمار کی زندگی کے ہر پہلو اور ان کے سخت جدوجہد کو فلمی پردے پر اتارنا آسان کام نہیں تھا، لیکن ہدایت کار وکاس بہل نے اسے انتہائی ماہرانہ انداز میں پیش کیا۔

اس فلم میں ریتھک روشن کا انتخاب بھی حیرت میں ڈالنے والا تھا کیونکہ انہیں بہار کی زبان میں اپنا مکالمہ ادا کرنا تھا، فلم میں کہیں نہ کہیں ان کا انداز بیان کھٹکتا ہے، مگران کی اداکاری کمال کی ہے۔ انہوں نے آنند کمار کو اس فلم میں جیا ہے۔

شبانہ اعظمی پر سیاسی حملہ

شبانہ اعظمی ہمیشہ سے ہندوتوا ذہنیت کے نشانے پر رہی ہیں۔ اپنے آخری وقت تک بائیں محاذ کے نظریات کو سینے سے لگائے کیفی اعظمی تو اس دنیا سے رخصت ہو گئے، لیکن انہوں نے وراثت کے طور پر شبانہ اعظمی کو اپنے مشن پر لگا دیا۔

شبانہ اعظمی ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے معنی خیز فلموں میں نہ صرف اپنا وجود قائم رکھا بلکہ ان کی وجہ سے ہی معنی خیز فلمیں بھی اپنا وجود قائم رکھ سکیں۔ آرٹ فلموں کی بہترین اداکاراؤں میں سمتا پاٹل اور شبانہ اعظمی کے رول کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ البتہ بعد میں شبانہ اور سمتا نے کمرشل فلموں میں بھی اپنا مقام بنا لیا۔

شبانہ اعظمی کے خون میں اشتراکیت کا لہو دوڑتا ہے اس لیے وہ فلموں سے الگ سماجی کاموں میں بھی مسلسل اپنا وقت صرف کرتی رہی ہیں اور ہندوستان میں امن، خیر سگالی، محبت اور ہم آہنگی کے لیے ہمیشہ سماجی تنظیموں کے سٹیج سے بھائی چارگی کا پیغام دیتی رہی ہیں۔

انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ جو سرکار کے خلاف بولتا ہے اسے غدار وطن قرار دے دیا جاتا ہے۔ ان کی اس ٹویٹ پر سرکار کی حمایت کرنے والوں نے زبردست ہنگامہ برپا کیا۔ انہیں بری طرح ٹرول کیا، تاہم شبانہ کی حمایت میں بھی بالی وڈ ہستیاں سامنے آئیں۔

سب سے پہلے سوارا بھاسکر نے ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے لکھا کہ جو لوگ شبانہ اعظمی کو بی جے پی مخالف قرار دے رہے ہیں، انہیں یاد ہوگا کہ شبانہ میم نے راجیو گاندھی کے خلاف بھی احتجاج کیا تھا اور صفدر ہاشمی کے قتل کے خلاف انہوں نے سرکار پر شدید الزام عائد کیے تھے۔ وہیں شبانہ اعظمی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جب کانگریس کے رہنما نے اتر پردیش میں اردو کو دوسرے نمبر کی زبان بنانے والوں کا منہ کالا کرنے کی بات کہی تھی تو ان کے والد کیفی اعظمی نے کانگریس سرکار کی جانب سے ملنے والے پدم شری ایوارڈ کو واپس کر دیا تھا۔

دراصل آج جس طرح کی ماحول سازی کی جا رہی ہے اس میں شبانہ اعظمی جیسی کئی ہستیاں گاہے بگاہے ٹرول ہوتی رہی ہیں، لیکن کچھ لوگ اب بھی زندہ ہیں جو ظلم کے خلاف آواز ہیں اور شاید اٹھاتے رہیں گے۔

وہ بولیں گی کیونکہ ان کے لب آزاد ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم