یوٹیوب دیکھ کر الیکٹرک بائیک تیار کرنے والے فیصل آبادی ’انجینیئر‘

’میں نے سوچا کہ میں کوئی سستی الیکٹرک بائیک بناؤں۔ وہاں سے پھر مجھے ایک آئیڈیا آیا کہ میں کیوں نہ خود سکریچ سے چیزیں اکٹھی کر کے سارے سپیئر پارٹس، پائپ وغیرہ یا فریم خود ہی بنا لوں۔‘

مشہور مقولہ ہے کہ ’ضرورت ایجاد کی ماں ہے‘ اور اس مقولے کو فیصل آباد کے رہائشی احمد شہزاد نے سچ ثابت کر دکھایا ہے۔

احمد نے انجینیئرنگ کی کوئی رسمی تعلیم حاصل کیے بغیر ہی یوٹیوب سے ٹیوٹوریل ویڈیوز دیکھ کر اپنی الیکٹرک بائیک تیار کر کے مہنگے پیٹرول سے نجات حاصل کر لی ہے۔

احمد شہزاد نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تعلیم ایف اے ہے اور وہ اپنے والد کے ساتھ ہارڈوئیر کی دکان چلاتے ہیں۔

’میں نے سوچا کہ چلیں پیٹرول کا خرچہ بچے گا بس اس وجہ سے میں نے الیکٹرک بائیک بنائی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ انہیں الیکٹریکل اور مکینیکل معاملات سے کافی دلچسپی ہے اور وہ ایک ورکشاپ میں کام کرکے یہ کام کافی حد تک سیکھ بھی چکے ہیں۔

احمد شہزاد کے مطابق یوٹیوب پر انہوں نے الیکٹرک بائیکس کی جو ویڈیوز دیکھی تھیں وہ بہت زیادہ مہنگی اور قیمتی بائیکس تھیں جن کی ڈیزائننگ وغیرہ پر بھی بہت زیادہ پیسے خرچ کئے گئے تھے۔

’میں نے سوچا کہ میں کوئی سستی الیکٹرک بائیک بناؤں۔ وہاں سے پھر مجھے ایک آئیڈیا آیا کہ میں کیوں نہ خود سکریچ سے چیزیں اکٹھی کر کے سارے سپیئر پارٹس، پائپ وغیرہ یا فریم خود ہی بنا لوں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ بائیک بنانے کے لیے زیادہ تر سپیئر پارٹس یا اشیا کباڑ مارکیٹ سے ڈھونڈ کر خریدی گئی ہیں جبکہ بائیک کا فریم اور ڈھانچہ انہوں نے خود ورکشاپ میں بنایا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں نے دو بیٹریاں لگائی ہیں 12 وولٹ کی، ان کو میں نے سیریز میں لگایا ہے، 24 وولٹ بنتا ہے یہ، 24 وولٹ 30 ایمپئر کی بیٹری ہے اور اسے میں نے 10 ایمپئر کا چارجر لگایا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ یہ الیکٹرک بائیک تقریبا تین گھنٹے میں چارج ہو جاتی ہے اورایک دفعہ چارج ہونے کے بعد اس پر زیادہ سے زیادہ 30 کلومیٹر تک سفر کیا جا سکتا ہے۔‘

’یہ بائیک چلانے والے کے وزن پر منحصر ہے یا رفتار پر، نارمل اس کی جو مائلیج  ہے وہ 20 سے 25  کلومیٹر بنتی ہے۔‘

احمد شہزاد کے مطابق یہ الیکٹرک بائیک ایک آدمی کے لیے بنائی گئی ہے۔

’میری کوشش ہے کہ اسے مزید ہائی ایفیشنٹ کروں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی الیکٹرک بائیک زیادہ تر گھر سے دکان پر آنے جانے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور جب لوگ اس الیکٹرک بائیک کو دیکھ کر حیرت یا خوشی کا اظہار کرتے ہیں تو انہیں  بہت اچھا لگتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا