ایش والس نامی ایک برطانوی شہری عالمی میراتھن میں شرکت کرکے حاصل ہونے والی رقم پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے وقف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
’پینی اپیل‘ نامی فلاحی ادارے کے مطابق دو بچوں کے والد ایش والس نے چھ ہفتوں کے دوران چار بڑی میراتھن میں حصہ لیا ہے، جن میں سے چھ نومبر کو نیویارک میراتھن کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم وہ پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دیں گے۔
اایش والس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ساری میراتھنز میں بھاگنے کا مقصد ’پینی اپیل‘ نامی چیریٹی تنظیم کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے۔
ان میں لندن، برلن، شکاگو اور نیویارک میراتھن شامل ہیں۔
ایش والس نے 10 جولائی کو لندن کی 10 کلومیٹر ریس مکمل کی تھی، چار ستمبر 2022 سے شروع ہونے والی لندن ہاف میراتھن، 18 ستمبر کو بریڈفورڈ 10 کلومیٹر ریس، 25 ستمبر کو برلن میراتھن، دو اکتوبر کو لندن میراتھن اور نو اکتوبر کو شکاگو میراتھن میں حصہ لے چکے ہیں، جبکہ وہ چھ نومبر کو نیویارک میں ہونے والی میراتھن میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے بین الاقوامی انسانی خیراتی ادارے پینی اپیل کی سپورٹ اور پناہ گزینوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو میں مدد کے لیے اس بڑے چیلنج کو پورا کرنے کا عزم کیا ہے۔
والس کے بقول اس ناقابلِ یقین کارنامے سے جو بھی پیسہ جمع ہوگا وہ مشکلات میں گھرے لوگوں اور ان کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے مدد میں استعمال ہوگا۔
ان میں ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ سمیت برطانیہ میں جنگ اور تنازعات سے فرار ہونے والے افراد، قدرتی آفات کے متاثرین، بے گھر ہونے والے افراد اور پناہ گزین شامل ہیں۔
ایش والس کا مقصد اتنی رقم جمع کرنا ہے جس سے ان لوگوں کے لیے گھرتعمیر ہو سکیں جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں۔
انہوں نے مختلف چیلنجوں میں حصہ لے کر آج تک پینی اپیل کے لیے20 ہزار پاؤنڈ جمع کیے ہیں۔
2015 میں بریڈفورڈ 10 کلومیٹر ریس میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے مزید کثرت سے دوڑنا شروع کردیا۔ خود کو میراتھن میں بھاگنے کے لیے چیلنج کیا اور اس اہم مقصد کے لیے اپنی کوششوں کو فنڈ ریزنگ کے لیے وقف کر دیا۔
انہوں نے جس کام کو وزن کم کرنے کے لیے شروع کیا تھا وہ جلد ہی چیلنج بدل گیا۔
کووڈ 19 کے دوران، برلن میراتھن کے ساتھ ساتھ لندن میراتھن میں دوڑنے کا ایش کا خواب ادھورا رہ گیا تھا، لیکن انہوں نے چھ ہفتوں کے دوران چار بڑی ریسوں میں دوڑ کر اس سے بھی بڑے چیلنج کے ساتھ واپس آنے کا فیصلہ کیا۔
والس کے شوق کی شروعات کی بات کی جائے تو وہ ایک عام انسان تھے جنہوں نے وزن کم کرنے کے لیے دوڑنا شروع کیا لیکن انہوں نے اپنی ذاتی صحت سے جڑے مسئلے کو دنیا بھر میں دوسروں کی مدد کرنے کی مہم میں تبدیل کردیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایش والس کا کہنا ہے کہ ’وزن کم کرنے کی ایک وجہ یہ یقینی بنانا تھا کہ جب میرے بچوں کے بچے ہوں تو میں تب بھی ان کے آس پاس ہوں۔ میں ہفتے میں صرف تین بار بھاگتا ہوں۔
’اس سے مجھے سکون اور اپنے آپ پر وقت صرف کرنے کا موقع ملتا ہے۔ مجھے اپنے دماغ کو صاف کرنے اور زندگی میں بہت سی چیزوں کے بارے میں سوچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اب یہ ایک عادت بن گئی ہے، جو مجھے اور دوسروں کو بدل سکتی ہے۔‘
پینی اپیل ایوارڈ یافتہ بین الاقوامی انسانی خیراتی ادارہ ہے جو دنیا بھر کے 47 ممالک میں زندگی بچانے والے منصوبوں پر کام کرتا ہے۔ یہ کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور غربت ختم کرنے میں افراد کی مدد کرنے کے لیے بیرون اور اندرون ملک کام کرتا ہے۔
پاکستان میں اس سال مون سون بارشوں سے سیلابی صورت حال نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے حوالے سے پاکستانی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اندازہ لگاتے ہوئے بتایا تھا کہ ملک کو اس بحران سے نکلنے میں ’تقریباً تین سال‘ لگ سکتے ہیں، جس میں 1,700 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً آٹھ لاکھ لوگ بے گھر ہوئے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 32 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کی لاگت 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔