’فلم میکنگ کے شوق نے اکٹھا کیا‘: ریحام کی مرزا بلال سے تیسری شادی

ریحام خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مرزا بلال بیگ سے شادی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

ریحام خان اور مرزا بلال بیگ کے نکاح کی تقریب امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں ہوئی (ریحام خان فیس بک اکاؤنٹ)

پولیٹیکل ایکٹوسٹ اور براڈ کاسٹر ریحام خان نے جمعے کو مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کا اعلان کر دیا۔

ریحام خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے دعاؤں کی درخواست کی۔

ریحام خان نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا: ’ہم نے سادہ انداز میں نکاح کیا اور مرزا بلال بیگ نے مسلم روایات کے مطابق سونا پہننے سے انکار کر دیا۔‘

ریحام خان اور مرزا بلال بیگ کے نکاح کی تقریب امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیئٹل میں ہوئی۔

ریحام خان نے فیس بک پر اپنی پوسٹ میں لکھا: ’مرزا بلال بیگ سے شادی ہوئی ہے جو مجھ سے 13 سال چھوٹے ہیں مگر ایسے انسان ہیں جن پر میں اعتبار کر سکتی ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے بیٹے ان کے وکیل بنے۔ ساتھ ہی انہوں نے مرزا بلال کے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کے لیے نامہ نگار حسن کاظمی نے ریحام خان سے جب مرزا بلال بیگ سے شادی سے متعلق سوال کیا، تو انہوں نے بتایا کہ ’ہم دونوں کو فلم میکنگ کا شوق تھا جس نے ہماری راہیں ایک کر دیں۔‘

 اس سوال کے جواب میں کہ شادی کے بعد وہ پاکستان میں رہیں گی یا بیرون ملک، ریحام نے بتایا کہ ’میں پاکستان اور امریکہ دونوں ملکوں میں وقت گزارنے کا ارادہ رکھتی ہوں۔ میں جو بھی فیصلہ کروں گی مرزا اس کی حمایت کریں گے۔‘

ریحام خان نے  اپنے نکاح کی تصویر ٹوئٹر پر بھی شیئر کی جس میں وہ اور مرزا بلال دونوں سیاہ لباس میں ملبوس دکھائی دیے۔

ریحام کے 36 سالہ خاوند مرزا بلال بیگ ماڈل اور کامیڈین ہیں۔ وہ مختلف اشتہارات میں کام کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ معروف سیاسی طنزیہ شو کرنے والے مصظفیٰ چوہدری کے ساتھ بھی کام چکے ہیں۔

ریحام خان کی تیسری شادی پر سوشل میڈیا پر لوگ انہیں مبارک باد دے رہے ہیں۔

محمد عرفان تاج نے لکھا کہ ’ریحام خان کے لیے خوشی ہے کہ انہوں نے اپنے بنیادی حق کا استعمال کیا اور بتایا کہ عمر صرف ایک نمبر ہی ہے۔‘

سبا نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ امید ہے اس بار ریحام خان کی خواہشات پوری ہوں گی۔

ریحام اور مرزا بلال بیگ دونوں کی ہی یہ تیسری شادی ہے۔ ریحام خان کی پہلی شادی 1993 میں ہوئی، جو 2005 میں ختم ہوئی۔ پہلی شادی سے ان کے تین بچے ہیں۔

ریحام خان کی دوسری شادی سابق وزیراعظم عمران خان سے جنوری 2015 میں ہوئی جو کہ صرف 15 ماہ بعد ہی اکتوبر 2015 میں ختم ہوگئی۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ