اسلام آباد میں ایک یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’صاف اور سرسبز پاکستان مہم‘ کے تحت شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں طلبہ کی بڑی تعداد نے سوہاوہ کے مقام پر مارگلہ کی پہاڑیوں میں 4000 بیجوں کے بالز بکھیرے۔
ایئر یونیورسٹی کی ایک بیان کے مطابق اس موقعے پر وائس چانسلر ایئر وائس مارشل (ر) فائز امیر بھی شرکا کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھے۔
فائز امیر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے درختوں کی موجودگی اشد ضروری ہے۔ ’جشن آزادی منانے کا سب سے بہترین طریقہ پاکستان کو صاف اور سرسبز کرنے کے لیے شجرکاری کی مہم کو کامیاب بنانا ہے۔‘
فائز امیر کا مزید کہنا تھا جنگلات اور شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے موثر آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے طلبا و طالبات کو بھرپور انداز میں شجرکاری مہم میں شرکت کرنے کی تلقین کی۔
شرکا نے مارگلہ پہاڑیوں کے اس مقام کو اپنی خصوصی توجہ کا مرکز بنایا جو گذشتہ دنوں آتشزدگی کا شکار ہونے کی وجہ سے شدید متاثر ہوا تھا۔ انہوں نے وہاں جابجا جلے ہوئے درختوں کی بہتات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عنقریب مارگلہ پہاڑیوں کا یہ مقام بھی سرسبز و شاداب ہونے میں کامیاب ہو جائے گا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایئر یونیورسٹی کے زیر اہتمام شجرکاری مہم میں روایتی شجرکاری کے ساتھ ساتھ سیڈ بالز کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ کلین اینڈ گرین مہم کا مقصد طلبا و طالبات میں موسمیاتی تغیرات سے متعلق شعور کو اجاگر کرنا اور قومی فریضہ کی ادائیگی ہے۔
اس موقع پر شرکا نے سڑک کے کنارے پلاسٹک بیگز اور دیگر کچرا بھی اٹھایا۔ میڈیا سے گفتگو میں طلبا کا کہنا تھا کہ قدرتی ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے شجرکاری مہم میں ہر پاکستانی شہری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔