ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کا سب سے کم سکور

آئل آف مین کی کرکٹ ٹیم اتوار کو سپین کے خلاف بین الاقوامی میچ میں صرف 10 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

آئل آف مین کی جانب سے جوزف بروز چار رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ سات کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے (تصویر: آئل آف مین کرکٹ)

آئل آف مین کی کرکٹ ٹیم اتوار کو سپین کے خلاف بین الاقوامی میچ میں صرف 10 رنز پر آؤٹ ہو گئی جو مردوں کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں اب تک کا سب سے کم سکور ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق آئل آف مین کی جانب سے جوزف بروز چار رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ سات کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولرز عاطف محمود اور محمد کامران نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔

محمد کامران نے تیسرے اوور میں لیوک وارڈ، کارل ہارٹ مین اور ایڈورڈ بیئرڈ کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کی۔

جواب میں ہسپانوی ٹیم نے صرف دو گیندوں پر فتح حاصل کرلی اور اوپنر بلے باز اویس احمد نے لگاتار دو چھکے مار کر اپنی ٹیم کو جتوا دیا۔

اس فارمیٹ میں قبل ازیں سب سے کم سکور سڈنی تھنڈر کا تھا۔ انہوں نے گذشتہ سال آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ کے دوران ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف صرف 15 رنز بنائے تھے۔

سڈنی سے قبل ترکی نے 2019 میں چیک رپبلک کے خلاف سب سے کم 21 رنز بنائے تھے۔

سپین کے کوچ کوری رٹگرز نے ویب سائٹ کرکٹ بز ڈاٹ کوم کو بتایا: ’حیران کن، انتہائی حیران کن۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا مزید کہنا تھا: ’محمد کامران اور عاطف محمود اچھی سوئنگ کر رہے تھے اور وہ صرف پیڈ اور سٹمپس کو مارتے رہے۔ یہ چار کے لیے چار، پانچ کے لیے پانچ، چھ کے لیے چھ رہا،  میں نے اپنی زندگی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔‘

رٹگرز کا مزید کہنا تھا کہ ’آئل آف مین کے کھلاڑیوں کا شکریہ کہ وہ آئے اور ایک نوجوان ٹیم کے ساتھ کھیلا اور ہمارے لیے کھیل کو کچھ مشکل بنایا۔ مجھے امید ہے کہ وہ بہت مایوس نہیں ہوں گے لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ اس سے سیکھیں گے۔‘

اس دن کے شروع میں جب دونوں ٹیموں نے میچ کھیلا تھا تو اس ’ڈرامے‘ کا کوئی اشارہ نہیں ملا تھا۔

اس میچ میں آئل آف مین نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے، جس کے بعد سپین نے سات وکٹوں سے فتح حاصل کی جبکہ 45 گیندیں باقی تھیں۔

آئل آف مین کی کرکٹ ٹیم 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ایسوسی ایٹ ممبر بنی اور اس نے 2016 اور 2018 میں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں حصہ لیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ