اسلام آباد پولیس نے ہفتے کو بتایا ہے کہ خود کو کوریئر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کر کے شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک منظم گروہ کے ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی کرنسی اور قیمتی سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر مختلف طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے ساتھ ہونے والی ڈکیتی کی وارداتیں بیان کر کے دیگر لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے نظر آئے ہیں، ان کارروائیوں میں منظم گروہ خود کو کوریئر کمپنی کے نمائندے ظاہر کرکے لوگوں کو لوٹا کرتے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان تقی جواد نے بتایا کہ ’گرفتار افراد خود کو ٹی سی ایس کا نمائندہ ظاہر کر کے شہریوں کو فون کرتے تھے اور پارسل دینے کے بہانے گھر کے دروازے تک بلاتے اور اسلحے کے زور پر گھروں میں داخل ہو کر نقدی، سونا، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ لیتے تھے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کے مطابق: ’یہ افراد ان وارداتوں کے لیے مبینہ طور پر جعلی موبائل سمز استعمال کرتے تھے۔‘
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان تھانہ لوہی بھیر پولیس کو مطلوب تھے۔
ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اسلام آباد جواد طارق کا کہنا ہے ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 73 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی پاکستانی اور غیر ملکی کرنسی، قیمتی گھڑیاں، موبائل فون اور طلائی زیورات برآمد کیے گئے ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کے مطابق پولیس نے ’منظم اور متحرک جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری‘ رکھی ہوئی ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔