’پکے دوست:‘ بلال مقصود کا بچوں کے لیے تعلیمی کٹھ پتلی شو

معروف موسیقار بلال مقصود کے یوٹیوب چینل پر شروع ہونے والے اس شو میں بچوں کے لیے کل آٹھ سکٹس اور 13 گانے شامل ہیں۔

بلال مقصود یکم ستمبر، 2023 کو کراچی میں آرٹ کونسل میں منعقدہ ’پکے دوست‘ کی تقریب میں گفتگو کر رہے ہیں (تصویر آرٹس کونسل پاکستان)

معروف موسیقار بلال مقصود نے جمعے کو بچوں کے لیے ایک آن لائن پپٹ شو ’پکے دوست‘ شروع کرتے ہوئے کہا کہ یہ شو ’مزاح‘ کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کو تفریحی انداز میں تعلیم فراہم کرے گا۔

بلال نے فیصل کپاڈیہ کے ساتھ مل کر مقبول پاکستانی پاپ راک بینڈ ’سٹرنگز‘ کی بنیاد رکھی تھی جو 2021 میں ختم ہو گیا۔

بینڈ بکھرنے کے بعد سے 52 سالہ بلال بچوں کے لیے تعلیمی مواد تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ گذشتہ سال انہوں نے بچوں کے لیے چند نظمیں تخلیق کیں، لیکن یہ ایک کمرشل پروجیکٹ تھا۔

پاکستانی بچوں کے لیے ان کی تازہ ترین پروڈکشن ان کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی ہے۔

کراچی میں شو کے آغاز کے موقعے انور مقصود کے بیٹے کا کہنا تھا کہ اردو میں بچوں کے لیے کوئی گانا نہ ہونے کی وجہ سے انھیں اپنے بیٹے میکائل کی پیدائش کے بعد سے پریشانی تھی جس کی عمر اب 26 سال ہے۔

پروجیکٹ کی لانچنگ پر بلال نے کہا: ’یہ میرا زندگی بھر کا پرعزم منصوبہ تھا۔ جب میرا پہلا بیٹا میکائل پیدا ہوا تو میں سوچتا تھا کہ ہمارے پاس اردو میں بچوں کے لیے گانے کیوں نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہم سہیل رانا کی موسیقی سن کر بڑے ہوئے۔ آج بھی جب ہم ان کے گانے سنتے ہیں تو یہ ہمیں اپنے بچپن میں واپس لے جاتا ہے۔

’یہ گانے ہمیں اپنی اقدار اور اپنی ثقافت سے جوڑے رکھتے ہیں۔ لیکن جب میرے بچے بڑے ہو رہے تھے تو ایسی کوئی چیز نہیں تھی۔ اس کی بجائے انہوں نے سیسمی سٹریٹ اور میری پاپینز کو سنا۔‘

ستر کی دہائی کے وسط میں پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے بچوں کا شو ’کلیاں نشر کیا جس میں مشہور کٹھ پتلی کردار انکل سرگم بچوں میں بے حد مقبول تھے۔

ایوارڈ یافتہ کٹھ پتلی اور ٹیلی ویژن ڈائریکٹر فاروق قیصر نے اس کردار کو تخلیق کیا اور آواز دی تھی۔

آج تک انکل سرگم اور ماسی مصیبتے کو پاکستان کی افسانوی کٹھ پتلی جوڑی کے طور پر شمار کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں  نے شاید ہی کبھی ایسا شو دوبارہ پیش کیا گیا ہو۔

بلال کے مطابق ’پکا دوست‘ چار اقساط پر مبنی سیریز ہے جس کی ہر ایک قسط کا اوسط دورانیہ 15 منٹ ہے اور اس میں متعدد موضوعات شامل ہیں۔

اس شو میں بچوں کے لیے کل آٹھ سکٹس اور 13 گانے شامل ہیں، جن میں تعلیم (حروف تہجی، دنوں کے نام) سے لے کر زندگی کے اسباق شامل ہیں جب کہ چھ اہم کرداروں سمیت 100 سے زائد افراد کی ٹیم نے اس منصوبے پر کام کیا۔

دوسرے سیزن پر کام شروع کرنے والے بلال کے بقول: ’اس میں تھوڑی سی تفریح اور پیغام ہے لیکن شو مزاحیہ ہے تاکہ بچے بیک وقت سیکھیں اور لطف اٹھائیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پکے دوست‘ بنانے کے لیے انہوں نے بچوں کی تفریح کے پیچھے کی سائنس کو سمجھنے کے لیے ڈزنی اور سیسم سٹریٹ کے گانوں کا مطالعہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ’غیر ملکی آواز‘ کے ساتھ مقامی مواد تخلیق کرنا چاہتے تھے اور تین مہینوں میں انہوں نے کینیڈا میں کٹھ پتلی بنانے والے ایلیسن ایورٹ کے ساتھ مل کر کئی کردار تیار کیے جو ان کے گانوں اور وژن کے مطابق تھے۔

آرٹ ڈائریکشن کے لیے بلال مقصود کو میاں بیوی کی جوڑی عمر عادل اور بینش عمر کی صورت میں ملی جن کی تین سالہ بیٹی ہے۔

عادل نے عرب نیوز کو بتایا: ’ہمارے سامعین گھر پر ہی تھے۔ ہماری تین سال کی بیٹی ہے۔ جب ہم نے کام کرنا شروع کیا تو وہ اس بارے میں بات کرنے لگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہماری بیٹی نے اردو زبان کے الفاظ بولنا شروع کر دیے اور ہم نے اندازہ لگایا کہ اسے کیا چیز پسند آ رہی ہے۔‘

ان کے بقول: ’پکے دوست میں بہت ساری چیزیں بچوں سے متاثر ہو کر بنائی گئیں اور صرف والدین ہی اسے سمجھ سکتے ہیں۔

’اس کا مقصد بچوں کے مواد کے حوالے سے موجود بڑے خلا کو پُر کرنا ہے۔ کٹھ پتلی شوز ہماری میراث ہیں جسے ہم آگے بڑھانا چاہتے ہیں تاکہ یہ نئے دور کے میڈیا میں نظر آئے۔‘

ایک اور کردار ادا کرنے والی ثروت گیلانی نے، جو خود بھی دو بچوں کی ماں ہیں، بھی لانچنگ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بچوں اور بڑوں پر یکساں توجہ مرکوز کرنے پر شو کی تعریف کی۔

ثروت گیلانی نے کہا: ’بطور ماں، بچوں کو اردو حروف تہجی سکھانا میرے لیے بہت مشکل ہے لیکن اس کے ذریعے اردو حروف تہجی کو شاعری کی صورت میں سکھانے پر میری جیسی مائیں بلال کا شکریہ ادا کریں گی۔

’مجھے امید ہے کہ شو کو اس پیمانے کی توجہ ملے گی جس کا یہ واقعی مستحق ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’میں تمام والدین کو اسے گوگل کرنے اور اپنے بچوں اور پورے خاندان کے ساتھ ’پکے دوست‘ دیکھنے کا مشورہ دوں گی۔

’اس کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس نے دوستی، اقدار اور ان چیزوں کے بارے میں بات کی جن کا پاکستان میں ہم سامنا کرتے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل