کیا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب منعقد ہو گی؟

شائقین کو توقع تھی کہ ورلڈ کپ کے لیے بالی وڈ کی چکاچوند سے لبریز تقریب منعقد ہو گی مگر ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

احمد آباد کا نریندر مودی سٹیڈیم جہاں رپورٹوں کے مطابق چار اکتوبر 2023 کو ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب منعقد ہونا تھی (کری ایٹو کامنز)

اس سال کا کرکٹ ورلڈ کپ جمعرات سے انڈیا میں شروع ہونے والا ہے لیکن اطلاعات ہیں کہ اس کھیل کے شائقین کو افتتاحی تقریب دکھنے کو نہ ملے۔

بہت سے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے اس طرح کی تقریبات ایک عام رسم ہے، اور 2011 میں برصغیر میں منعقد ہونے والے آخری کرکٹ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے ڈھاکہ میں ایک شاندار افتتاحی تقریب ہوئی تھی۔ 2011 کے ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا نے کی تھی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا افتتاحی میچ جمعرات کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان انڈیا کے مغربی شہر احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تاہم انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے منتظمین کا میچ شروع ہونے سے قبل افتتاحی تقریب منعقد کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

چونکہ ٹورنامنٹ کے آغاز کے موقع پر مشہور اور ناظرین کی بڑی تعداد والی افتتاحی تقریب نہیں ہو سکتی، لہذا بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بورڈ آف کنٹرول فارکرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ’کپتانوں کے دن‘ کی تقریب کا انعقاد کیا ہے جس میں تمام 10 ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے۔

بدھ کو نریندر مودی سٹیڈیم میں ہونے والی اس تقریب میں کپتان ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کریں گے اور میڈیا سے بات چیت کریں گے۔

رواں برس اپریل میں بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آغاز کا جشن منانے کے لیے ایک بڑی تقریب منعقد کی تھی، جس میں بالی وڈ کے کئی بڑے ستاروں نے پرفارمنس دی تھی۔

اگرچہ منتظمین نے باضابطہ طور پر جمعرات کو افتتاحی تقریب منعقد کرنے سے انکار نہیں کیا ہے، لیکن ٹائمز آف انڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ 2023 ورلڈ کپ کے لیے افتتاحی تقریب منعقد کرنے کا کبھی کوئی منصوبہ نہیں تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)


اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا: ’آئی پی ایل میں آپ مختصر افتتاحی تقریب منعقد کر سکتے ہیں کیونکہ میچ شام کو شروع ہوتا ہے۔ اس میں میچ دوپہر میں شروع ہوتا ہے۔‘

کچھ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے پہلے ورلڈ کپ کے موقعے پر احمد آباد میں ستاروں سے بھری افتتاحی تقریب کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن بالآخر ان منصوبوں کو ترک کر دیا گیا۔

اس تقریب میں رنویر سنگھ، ارجیت سنگھ، تمنا بھاٹیا، شریا گھوشال اور آشا بھوسلے جیسی بالی وڈ کی مشہور شخصیات نے کی شرکت متوقع تھی۔

ستاروں سے بھری اس تقریب کا آغاز نریندر مودی سٹیڈیم میں ’کپتانوں کے دن‘ کی تقریب کے بعد کیا جانا تھا اور اس میں آتش بازی اور لیزر شو بھی شامل تھا۔

ٹورنامنٹ کا پہلا میچ انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ 2019 کے گذشتہ ایڈیشن کے فائنل کا اعادہ ہے۔ اس وقت ایئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ نے فائنل میں بلیک کیپس (نیوزی لینڈ) کو شکست دے کر اپنا پہلا 50 اوورز کا ورلڈ کپ جیتا تھا۔

انگلینڈ، اس وقت 50 اور 20 اوورز کے ورلڈ کپ کا فاتح ہے، کو 2023 کے ورلڈ کپ میں ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ ٹیموں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے۔

جوز بٹلر کی قیادت والی انگلش ٹیم کی خواہش ہو گی کہ وہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے بعد کرکٹ ورلڈ کپ ٹائٹل کا دفاع کرنے والی تیسری ٹیم بنے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ