انڈیا سے چند ماہ قبل پاکستان آنے والی انجو نامی خاتون کے پاکستانی شوہر نصراللہ نے کہا ہے کہ ان کی بیوی واپس انڈیا جا چکی ہیں جہاں وہ اپنے پہلے شوہر سے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کریں گی۔
خیبر پختونخوا کے ضلع اپر دیر کے نصر اللہ سے فیس بک پر دوستی اور پھر شادی کرنے والی انجو رافائیل رواں سال جولائی میں پاکستان آئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے اپنا نام تبدیل کر کے فاطمہ رکھ لیا۔
نصر اللہ نے بدھ کو انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’انجو پاکستان میں کچھ ماہ گزارنے کے بعد براستہ واہگہ بارڈر واپس انڈیا جا چکی ہیں۔‘
ان کی واپسی کی وجہ بتاتے ہوئے نصر اللہ نے کہا کہ ’انجو انڈیا جا کر اپنے ایک قریبی رشتہ کے پاس جائیں گی اور وہیں پر عدالت میں پہلے شوہر سے طلاق کے لیے مقدمہ دائر کریں گی۔‘
’انجو اپنے بچوں کے لیے پریشان تھیں جن کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔ وہ عدالت کے ذریعے پہلے شوہر سے طلاق لیں گی اور بچوں کی حوالگی کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں گی۔‘
نصر اللہ کہتے ہیں کہ انجو کے ویزے کا کوئی مسئلہ نہیں تھا اور انہوں نے پاکستانی حکام سے ڈیپارچر کے لیے درخواست دی تھی۔
انجو کی انڈیا میں سکیورٹی کے حوالے سے نصر اللہ نے بتایا کہ ’انجو نے کسی خدشے کا اظہار تو نہیں کیا لیکن وہ انڈیا کی ایک ریاست ( سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نام چھپایا جا رہا ہے) میں جاکر اپنے ایک قریبی رشتہ دار کے گھر رہیں گی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نصر اللہ کے مطابق ’انجو یہاں بہت خوش تھیں لیکن بچوں کے لیے پریشان تھیں اور یہ سارے مسائل انڈیا میں حل کر کے واپس آئیں گی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’انجو نے مجھے بھی وہاں جانے کا کہا ہے، اور وہ خود بھی بچوں کی حوالگی کے بعد بچوں سمیت کو پاکستان آئیں گی۔‘
انجو کی نصر اللہ سے فیس بک پر دوستی اور پھر شادی کے بعد پاکستان آمد پاکستانی اور انڈین میڈیا پر خبروں کی زینت بنی رہی اور اب دوبارہ ان کی واپسی کی خبریں دونوں ممالک میں شائع کی جا رہی ہے۔
انڈیا کی اے این آئی نیوز ایجنسی نے انجو کا ایک کلپ بھی بدھ کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انجو سے واپسی کے حوالے سے پوچھا جا رہا ہے لیکن وہ ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیتیں۔