دنیا کی معمر ترین شخصیت، برازیل کی راہبہ انہا کانابارو لوکاس کا گذشتہ دنوں 116 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وہ بچپن میں بمشکل زندہ بچی تھیں اور اپنی طویل عمر کا سہرا خدا، اپنے مذہبی سلسلے اور زندگی کی طوالت پر نظر رکھنے والے دو اداروں کو دیتی تھیں۔
امریکی ادارے جرونٹولوجیکل ریسرچ گروپ ( جی آر جی) اور لونگیوی کویسٹ ڈیٹابیس کے مطابق ان کی وفات کے بعد اب معمر ترین شخصیت کا اعزاز انگلینڈ کے علاقے سرے کی رہائشی ایثل کیٹرم کو حاصل ہو گیا ہے۔
انہا کانابارو آٹھ جون 1908 کو پیدا ہوئیں اور رواں سال جنوری میں جاپانی خاتون تومیکو ایتوکا کے 116 سال کی عمر میں انتقال کے بعد دنیا کی معمر ترین شخصیت بنیں۔
برازیل کے شہر پورٹو الیگری میں تیرسیان سسٹرز کے مذہبی سلسلے نے بدھ کو ایک بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی اور ان کی زندگی میں دکھائی گئی ’اخلاص اور عقیدت‘ پر شکر ادا کیا۔
لونگیوی کویسٹ نے اپنی تعزیتی رپورٹ میں کہا کہ کانابارو ایک کمزور بچی تھیں اور ’بہت سے لوگوں کو شک تھا کہ وہ زندہ بچ پائیں گی۔‘
وہ 1934 میں پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے درمیانی عرصے میں، 26 سال کی عمر میں راہبہ بنیں۔
لونجیوی کویسٹ کے مطابق انہوں نے اپنی طویل عمر کا راز خدا کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا: ’وہی زندگی کا راز ہے، وہی ہر چیز کا راز ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کی زندگی میں ایک قابل ذکر کارنامہ سانتانا ڈو لیورامینٹو میں سانتا ٹریسا سکول مارچنگ بینڈ کی تخلیق تھی۔ اس بینڈ میں 115 موسیقی کے آلات تھے اور اس نے برازیل، یوراگوئے اور ارجنٹائن میں پرفارم کیا۔ اس نے رویرا، یوراگوئے، سانتانا ڈو لیورامینٹو کے جڑواں شہر میں مشہور Pomoli ہائی سکول مارچنگ بینڈ کی تخلیق میں بھی تعاون کیا۔
ان کی 110 ویں سالگرہ کے موقع پر پوپ فرانسس نے انہیں مبارک باد بھیجی تھی، جو خود گذشتہ پیر کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اگرچہ انہا کانابارو کا دعویٰ تھا کہ ان کی تاریخ پیدائش 27 مئی 1908 ہے، لیکن جی آر جی کے ڈائریکٹر رابرٹ ینگ نے جنوری میں اے ایف پی کو بتایا کہ ’دستاویزی ریکارڈ کے مطابق ان کی پیدائش کی تاریخ 8 جون 1908 ہے۔‘
لونجیوی کویسٹ کے مطابق کانابارو دنیا کی دستاویزی طور پر 15ویں سب سے زیادہ عمر رسیدہ شخصیت تھیں، اور فرانس کی لوسیل رینڈون کے بعد دوسری عمر رسیدہ راہبہ تھیں، جو 118 سال کی عمر میں 2023 میں وفات پا گئی تھیں۔