ایپل کا آئی فونز کی قیمت بڑھانے پر غور

ایپل کو امریکی ٹیرف کی وجہ سے اضافی لاگت کا سامنا ہے جو اس سہ ماہی میں تقریباً 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

11 اپریل، 2025 کو شنگھائی میں واقع ایپل سٹور میں لوگ آئی فون 16 دیکھ رہے ہیں (اے ایف پی)

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل رواں سال خزاں میں آنے والی اپنی نئی آئی فون سیریز کی قیمتوں میں اضافے پر غور کر رہی ہے اور اس اقدام کو وہ نئی خصوصیات اور ڈیزائن میں تبدیلیوں کے ساتھ جوڑنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وال سٹریٹ جنرل کے مطابق اس اعلان کے بعد کمپنی کے شیئرز پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں سات فیصد بڑھ گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایپل ہر صورت اس تاثر سے بچنا چاہتا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ چین سے آنے والی اشیا پر امریکی محصولات کی وجہ سے کیا جا رہا ہے جہاں ایپل کی زیادہ تر ڈیوائسز تیار ہوتی ہیں۔

روئٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست پر ایپل نے فوری کوئی جواب نہیں دیا۔

کمپنی اس اقدام کو نئے فیچرز اور ڈیزائن میں تبدیلیوں کے ساتھ جوڑنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ صارفین کے لیے قیمت میں اضافے کو قابل قبول بنایا جا سکے۔

ایپل کو امریکی ٹیرف کی وجہ سے اضافی لاگت کا سامنا ہے جو اس سہ ماہی میں تقریباً 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اخبار کے مطابق کمپنی نے کچھ مینوفیکچرنگ انڈیا منتقل کی ہے اور سی ای او ٹم کک کے مطابق اپریل سے جون کی سہ ماہی میں امریکہ کو بھیجے جانے والے زیادہ تر آئی فونز انڈیا سے آئیں گے.

تاہم پرو اور پرو میکس جیسے مہنگے ماڈلز کی تیاری اب بھی چین میں ہو رہی ہے کیونکہ انڈیا میں ابھی اس سطح کی پیداواری صلاحیت موجود نہیں۔

دا ورج میگزین کے مطابق آئی فون 17 سیریز میں ایک نیا آئی فون 17 ایئر ماڈل شامل ہونے کی توقع ہے جو ایک الٹرا سلم ڈیزائن کے ساتھ آئے گا اور موجودہ پلس ماڈل کی جگہ لے گا۔

یہ ماڈل ممکنہ طور پر 6.6 انچ ڈسپلے، سنگل ریئر کیمرہ اور ایپل کا اپنا 5G چپ سیٹ استعمال کرے گا۔

یہ ماڈل موجودہ آئی فون 16 پرو میکس سے بھی مہنگا ہو سکتا ہے جس کی قیمت 1,200 ڈالر ہے۔

میگزین کےمطابق ایپل کی قیمتوں میں اضافے کی حکمت عملی صارفین کے لیے ایک چیلنج ہو سکتی ہے خاص طور پر جب وائرلیس کیریئرز کی جانب سے سبسڈی میں کمی آئی ہے اور صارفین پہلے ہی مہنگے ماڈلز سے تنگ ہیں۔ کمپنی کی کوشش ہے کہ نئی خصوصیات اور ڈیزائن تبدیلیوں کے ذریعے صارفین کو قائل کیا جائے تاکہ قیمتوں میں اضافے کو جواز فراہم کیا جا سکے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی