انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2025 کے ہال آف فیم میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو شامل کر لیا گیا ہے۔
9 جون 2025 کو لندن میں آئی سی سی ہال آف فیم میں کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی تقریب ہوئی، جس میں ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی این بشپ نے نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا اعلان کیا۔
آئی سی سی نے ثنا میر کو ہال آف فیم میں شامل کرتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’دنیا بھر میں کم عمر لڑکیوں کے لیے کھیل کے میدان کے اندر اور باہر انقلاب لانے والی ثنا میر ہال آف فیم میں شامل ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔‘
ثنا میر پہلی پاکستانی خاتون کھلاڑی ہیں جنہیں آئی سی سی ہال آف میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ثنا میر کا ہال آف فیم میں شامل ہونے پر کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے ایک جذباتی لمحہ ہے۔
’میں یہ کامیابی اپنی ہر اُس ساتھی کھلاڑی کے نام کرنا چاہتی ہوں جو میرے ساتھ کھیل چکی ہیں۔‘
انہوں انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ ’اپنے تمام کوچز، فزیوز اور سپورٹ سٹاف کی بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے خواتین کرکٹ کے لیے محنت اور جدوجہد کی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
2005 میں سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والی ثنا میر نے اپنا آخری میچ 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا اور اس دوران 120 ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 151 وکٹیں حاصل کی اور 1630 رنز بھی بنائے۔
ثنا میر 2009 سے 2017 تک پاکستان ٹیم کی کپتان رہیں۔
ثنا میر کے علاوہ چھ دیگر کھلاڑیوں کو آئی سی سی کی جانب سے ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور سابق کپتان گریم سمتھ، انڈیا کے مہندر سنگھ دھونی، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اور انگینڈ کی وومن کرکٹر سارہ ٹیلر شامل ہیں۔