موٹر وے پر ہیٹ ویو کے دوران گاڑی اور فٹنس کتنی اہم؟

موٹروے پولیس روہڑی سیکٹر کے انچارج، ڈی ایس پی مسرور علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ سخت موسم میں گاڑی کی فٹنس اور ڈرائیور کی جسمانی حالت پر خاص توجہ دی جانی چاہیے۔

ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہیٹ ویو کے دوران نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے مسافروں کو شدید گرمی میں محفوظ سفر کے لیے آگاہی دی جا رہی ہے۔

موٹروے پولیس روہڑی سیکٹر کے انچارج، ڈی ایس پی مسرور علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ سخت موسم میں گاڑی کی فٹنس اور ڈرائیور کی جسمانی حالت پر خاص توجہ دی جانا چاہیے۔

ان کے بقول: ’روہڑی انٹرچینج وہ پوائنٹ ہے جہاں سے اپر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی طرف جانے والے مسافر گزرتے ہیں۔ اس وقت ہماری ٹیم ہر آنے جانے والے کو چند بنیادی ہدایات دے رہی ہے تاکہ وہ راستے میں کسی پریشانی سے بچ سکیں۔‘

انہوں نے کہا کہ گاڑی کے ٹائر، کولنٹ، بیٹری اور اے سی سمیت تمام پرزوں کی حالت درست ہو اور سفر سے قبل مکمل جائزہ لیا جائے۔

ڈی ایس پی مسرور کے مطابق: ’ڈرائیور اگر خود کو جسمانی طور پر کمزور محسوس کرے یا گرمی زیادہ ہو تو بہتر ہے کہ وہ سفر کا وقت صبح یا شام کا رکھے۔ پانی، نمکول یا گلوکوز جیسی چیزیں لازمی ساتھ رکھنی چاہییں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس اس وقت 24 گھنٹے روڈ پر موجود ہے اور مسافروں کو نہ صرف زبانی ہدایات دے رہی ہے بلکہ ان کی گاڑیوں کی حالت بھی چیک کی جا رہی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں انہوں نے بتایا: ’ہماری ٹیم سفر کے دوران گاڑی میں موجود ایسی اشیا پر بھی توجہ دلاتی ہے جو گرمی میں خطرناک ہو سکتی ہیں، جیسے پرفیوم، اسپرے یا پاور بینک، جنہیں تپتی دھوپ میں گاڑی میں رکھنا خطرے سے خالی نہیں۔‘

ان کے مطابق، موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری رابطے کے لیے دستیاب ہے، جبکہ ریسکیو وہیکلز، فائر یونٹس اور ایمبولینسز ہر وقت تیار ہیں۔

موٹروے پر سفر کرنے والے ایک ڈرائیور، محمد علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا: ’ہم گرمی کے موسم میں کوشش کرتے ہیں کہ سفر صبح کریں اور ساتھ پانی اور دوا لازمی رکھیں۔‘

ایک اور ڈرائیور، ساجد حسین نے بتایا: ’اگر گاڑی کی حالت اچھی ہو اور ہم احتیاط کریں تو گرمی میں بھی سفر ممکن ہے۔ بس درمیان میں وقفہ ضرور کرتے ہیں۔‘

موٹروے پولیس کے مطابق، سخت گرمی کے اس موسم میں ان کی آگاہی مہم جاری رہے گی تاکہ مسافر موسم کی شدت کے باوجود محفوظ سفر کر سکیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا