بروک کی قسمت میں 99 پر آؤٹ ہونا لکھا تھا: بمراہ

بمراہ نے دن کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں قسمت نے ان کے لیے 99 رنز ہی مقرر کیے، کیوں کہ نو بال کے بعد بھی وہ کئی بار ڈراپ ہوئے۔‘

انڈین سٹار بولر جسپریت بمراہ نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں (اے ایف پی)

انڈیا کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے اتوار کو انگلینڈ کے شہر ہیڈنگلی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلش بیٹسمین ہیری بروک کے 99 رنز پر آؤٹ ہونے کو ’قسمت‘ سے تعبیر کیا ہے۔

پہلے سے سنسنی خیز اس میچ نے اب مزید دلچسپ موڑ اختیار کر لیا ہے۔

اتوار کی صبح کھیل شروع ہوتے ہی جارح مزاج  بروک نے پہلے اوور میں پرسدھ کرشنا کی گیند پر چھکا لگایا اور پھر کریز سے آگے بڑھ کر دنیا کے نمبر ون ٹیسٹ بولر بمراہ کو شاندار چوکا بھی رسید کیا۔

لیکن اپنے 26 ٹیسٹ میچوں میں نویں اور ہوم گراؤنڈ پر محض دوسری سینچری کے قریب پہنچ کر 26 سالہ بروک، کرشنا کی گیند پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے ڈیپ میں موجود شاردل ٹھاکر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

بروک نے اچھی بیٹنگ ضرور کی مگر اس دوران  کئی مرتبہ قسمت نے بھی ان کا ساتھ دیا۔

ہفتے کو آخری اوور میں وہ بمراہہ کی گیند پر ہک شاٹ کھیلتے ہوئے صفر پر کیچ ہوئے لیکن ٹیکنالوجی سے پتا چلا کہ انڈین بولر نے نو بال کروائی ہے، یوں انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے بیٹسمین صفر پر آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔

اتوار کو بروک کے 46 اور 82 کے انفرادی سکور پر دو بار کیچ بھی چھوٹے۔ پہلے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے رویندر جدیجا کی گیند پر ایک باریک ایج پکڑنے میں ناکامی دکھائی، پھر بمراہ کی ہی گیند پر چوتھی سلپ میں یشسوی جیسوال نے دونوں ہاتھوں سے کیچ چھوڑ دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بروک کی اننگز نے انگلینڈ کو 465 رنز کے مجموعے تک پہنچا دیا، جو انڈیا کے پہلی اننگز کے سکور سے صرف چھ رنز کم تھا۔ بمراہ 24.4 اوورز میں 83 رنز دے کر پانچ وکٹیں لیتے ہوئے واضح طور پر انڈیا کے بہترین بولر رہے۔

کھیل کے تیسرے دن کے اختتام پر انڈیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز بنائے اور اسے مجموعی طور پر 96 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔

بمراہ نے دن کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں قسمت نے ان کے لیے 99 رنز ہی مقرر کیے، کیوں کہ نو بال کے بعد بھی وہ کئی بار ڈراپ ہوئے۔‘

’لیکن اس سے ان کی کارکردگی کی اہمیت کم نہیں ہوتی۔ انہوں نے حالات کا بہترین اندازہ لگایا، اپنے کھیل پر بھروسہ دکھایا اور جارحانہ کرکٹ کھیلی۔ وہ آپ کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیتے ہیں کہ کوئی بڑا شاٹ کھیلیں گے لیکن وہ دفاع بھی مضبوط رکھتے ہیں۔‘

اتوار کو کھیل شروع ہوتے ہی 100 رنز پر کھیلنے والے اولی پوپ جلد ہی 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کے نائب کپتان پوپ کے مطابق بروک ٹیسٹ کرکٹ میں 99 رنز پر آؤٹ ہونے والے 14ویں انگلش بیٹسمین بننے پر کافی مایوس تھے۔

ناقابل یقین اننگز

پوپ کے بقول: ’وہ آؤٹ ہونے پر کافی افسردہ تھے۔ میرے خیال میں وہ آئندہ اس شاٹ کو نیچے رکھنے یا چھکے کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔ آؤٹ ہونے پر وہ جتنے مایوس تھے شاید ہی کوئی ہو، حالاں کہ وہ یہ شاٹ کافی اچھا کھیلتے ہیں۔‘

بمراہ نے اپنے 46ویں ٹیسٹ میچ میں 14ویں مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں مگر اگر ان کی گیندوں پر تین کیچ نہ چھوٹتے تو بولنگ کے اعداد و شمار مزید بہتر ہو سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’کوئی بھی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑتا۔ ہر کوئی پوری کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ میں غصے کا اظہار کر کے فیلڈر پر مزید دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا۔ یہ کھیل کا حصہ ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ