’اصل چیز نیت:‘ وسیم اکرم کی اپنا مجسمہ بنانے والے کی تعریف

وسیم اکرم نے ان کا مجسمہ بنانے والے فن کار کی کوشش کو سراہا ہے حالانکہ سوشل میڈیا پر اس مجسمے کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

12 جون، 2025 کو ایک شخص حیدر آباد میں نیاز سٹیڈیم کے باہر نصب وسیم اکرم کے مجمسے کے قریب سے گزر رہا ہے (اے ایف پی)

پاکستان کے سابق سٹار کرکٹر وسیم اکرم نے جمعرات کو ان کا مجسمہ بنانے والے فن کار کی کوشش کو سراہا ہے حالانکہ سوشل میڈیا پر اس مجسمے کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

یہ مجسمہ اپریل میں حیدرآباد کے نیاز سٹیڈیم کے باہر نصب کیا گیا تھا۔ وسیم اکرم کے اس مجسمے کو 1999 کے ورلڈ کپ ٹیم کی کٹ پہنے بولنگ کرتے دکھایا گیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان رنر اپ رہا تھا۔

سٹیڈیم کے اسی مقام پر ایک شیر کا مجسمہ بھی نصب ہے۔ ایک مداح نے طنزیہ انداز میں کہا ’اس مجسمے میں واحد چیز جو اصل لگتی ہے وہ گیند ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ مجسمے کا چہرہ ہولی وڈ ہیرو سلویسٹر سٹالون سے مشابہت رکھتا ہے۔

تاہم وسیم اکرم نے اس کوشش کو سراہتے ہوئے ایکس پر لکھا ’نیاز سٹیڈیم حیدرآباد میں میرے مجسمے پر بہت بات ہو رہی ہے۔ میرا مجسمہ یقیناً شیر سے بہتر ہے۔‘

 

انہوں نے مزید لکھا ’اصل چیز نیت اور خیال ہوتا ہے۔ تخلیق کاروں کو کریڈٹ، کوشش پر پورے نمبر اور تمام متعلقہ افراد کا شکریہ۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آسٹریلیا میں مشہور کھلاڑیوں کے مجسمے سٹیڈیمز کے باہر لگانے کی روایت ہے جبکہ انڈیا نے 2023 میں ممبئی کے ایک سٹیڈیم کے باہر سچن تندولکر کا مجسمہ نصب کیا تھا۔

نیاز سٹیڈیم انتظامیہ کے سربراہ شیراز لغاری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’فنکار نے اپنی پوری کوشش کی لیکن وہ خود بھی مانتے ہیں کہ یہ وسیم اکرم سے سو فیصد مشابہ نہیں۔‘

وسیم اکرم پاکستان کے بڑے کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 104 ٹیسٹ اور 356 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 414 اور 502 وکٹیں حاصل کیں۔

وہ 1992 کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے جب پاکستان نے پہلی بار ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ