کمنٹس کرنے سے پہلے ایک بار شیشہ دیکھ لیا کرو: وسیم اکرم

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’میں نے پچھلے دنوں ایک تصویر لگائی تو لوگوں نے کہا کہ آپ بوڑھے کیوں نہیں ہوتے اور کچھ لوگوں نے کہا کہ آپ موٹے ہوگئے ہیں، میں نے لوگوں کے پروفائل دیکھے ہیں، وڈے پتیلے جیا منہ ہوندا اونا دا ۔

وسیم اکرم کے انسٹاگرام پر اس وقت پانچ لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں (تصویر: انسٹاگرام/ وسیم اکرم)

سابق کپتان اور لیجنڈ بولر وسیم اکرم ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں جس کی وجوہات دو ہیں۔ پہلی وجہ چیریٹی میچ میں ان کی ’تباہ کن‘ بولنگ ہے اور دوسری وجہ ان کا اپنی گھومتی گیندوں کی طرح کا ایک کمنٹ ہے۔

انسٹاگرام پر اپنے ایک کمنٹ میں انہوں نے ایک صارف کو کہا کہ ’کمنٹس کرنے سے پہلے ایک بار شیشہ دیکھ لیا کرو۔‘

شین وارن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے چیریٹی میچ میں وسیم اکرم نے شاندار یارکر پر مائیکل ایتھرٹن کو کلین بولڈ کیا جس سے پرانی یادیں تازہ ہوئیں اور ایک بار پھر سے یقین ہونے لگا کہ وسیم اکرم کی بولنگ کا جادو آج بھی برقرار ہے۔

ان کی بولنگ کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی پوری دنیا سے لوگوں کے کمنٹس آنا شروع ہو گئے اور جہاں زیادہ تر لوگ ان کی بولنگ کو سراہ رہے تھے وہیں کچھ لوگوں نے ان کے وزن کا مذاق اڑانا شروع کر دیا۔

اپنی حاضر جوابی کے لیے مشہور وسیم اکرم نے ایسے لوگوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام اپنے انسٹاگرام پروفائل سے شیئر کیا جس میں انہوں نے سب کو ’کھری کھری‘ سنائیں۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ’میں نے پچھلے دنوں ایک تصویر لگائی تو لوگوں نے کہا کہ آپ بوڑھے کیوں نہیں ہوتے اور کچھ لوگوں نے کہا کہ آپ موٹے ہوگئے ہیں۔‘

’میں نے ان لوگوں کے پروفائل دیکھے ہیں، وڈے پتیلے جیا منہ ہوندا اونا دا (بڑے پتیلے جیسا منہ ہوتا ہے ان لوگوں کا) تو ایک ریکویسٹ ہے، کمنٹ کرنے سے پہلے ایک بار شیشہ دیکھ لیا کرو پلیز، ہیو اے گریٹ ڈے۔‘ 

ان کی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہی ہزاروں لوگوں نے کمنٹ سیکشن کا رخ کیا اور وسیم اکرم کو داد دینے لگے۔

سڈفیملی نامی صارف نے کمنٹ کیا کہ ’وسیم بھائی آپ کا مقابلہ ہم نہیں کر سکتے وڈے پتیلے جیسا منہ‘۔

سید شہریار حیدر لکھتے ہیں ’سوئنگ کے سلطان، لیجنڈ‘۔

ٹک ٹک 13 اپنے کمنٹ میں لکھتے ہیں کہ ’ہفتے کا آغاز اچھے طریقے سے ہوا‘۔

اور اسی طرح ایک بار پھر کمنٹس کی بوچھاڑ ہونے لگی جہاں کئی لوگ وسیم اکرم کی ویڈیو کو سرارہے تھے وہیں کچھ لوگوں نے پھر سے وسیم اکرم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ابرار حسین نے کمنٹ کیا کہ ’آپ کا میسج سنا لیکن آپ موٹے ہو گئے ہیں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ