جعلی ادویات کی پہچان کے لیے حکومت پاکستان کی ’محفوظ دوا‘ موبائل ایپ متعارف

یہ ایپ ایک مرکزی سرکاری نظام سے منسلک ہے جس میں دوا کی تیاری سے لے کر مارکیٹ میں پہنچنے تک کا مکمل ریکارڈ محفوظ ہو گا۔

پاکستان میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لیے حکومت نے ’محفوظ دوا‘ کے نام سے ایک موبائل ایپ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین کوڈ سکین کر کے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت اور زائد المیعاد ہونے کی تاریخ جانچ سکیں گے۔

وزارتِ صحت کے مطابق حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس موبائل ایپلیکیشن سے شہری کسی بھی دوائی کا کوڈ سکین کر کے اس کی تصدیق، مارکیٹ میں دستیابی اور ایکسپائری ڈیٹ خود چیک کر سکیں گے۔

یہ ایپ ایک مرکزی سرکاری نظام سے منسلک ہے جس میں دوا کی تیاری سے لے کر مارکیٹ میں پہنچنے تک کا مکمل ریکارڈ محفوظ ہو گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے اعدادوشمار کے مطابق کم اور متوسط آمدنی والے ممالک میں ہر 10 میں سے کم از کم ایک دوا غیر معیاری یا جعلی ہوتی ہے۔

اس پس منظر میں نیا ڈیجیٹل نظام کسی بھی دوا میں مسئلہ سامنے آنے کی صورت میں حکام کو اس کا سراغ لگانے اور اسے مارکیٹ سے واپس منگوانے میں مدد فراہم کرے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارتِ صحت کے مطابق ’اس نظام میں تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زیادہ ادویات رجسٹرڈ ہیں، جس سے دوا کی تیاری سے لے کر مارکیٹ تک پہنچنے کا ریکارڈ دستیاب ہو گا۔‘

تاہم حکام اور ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف کوڈ سکین کرنے سے دوا میں ملاوٹ یا اس کے کیمیائی اجزا کی مقدار کا تعین ممکن نہیں ہو گا اور اس مقصد کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ ہی ضروری رہیں گے۔

وزارتِ صحت کے حکام نے واضح کیا کہ یہ ایپلیکیشن صارفین کو دوا کی بنیادی شناخت اور ریکارڈ کی تصدیق میں سہولت فراہم کرے گی، تاہم جعلی ادویات کے مکمل خاتمے کے لیے فیلڈ میں حکام کی نگرانی اور کارروائی بھی ناگزیر ہے۔

ادویات کی ٹریکنگ کے لیے ’محفوظ دوا‘ ایپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جعلی اورغیرمعیاری ادویات کی روک تھام کے لیے اہم ڈیجیٹل اقدام کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2010-11میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات سے جانیں ضائع ہوئیں، دل کے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے نمونے یورپ کی تین لیبارٹریوں میں بھجوائے، یورپی لیبارٹریوں نے تصدیق کی مریضوں کو دی گئی ادویات دل کی نہیں بلکہ ملیریا کی تھیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ ماضی میں جعلی ادویات کی تصدیق سے متعلق سنگین غفلت سامنے آئی، ماضی کے واقعات سے سبق سیکھ  کرعوامی خدمت کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

انکا کہنا تھا کہ محفوظ دوا ایپ بنانے پر مصطفیٰ کمال، سی ای او ڈریپ مبارکباد کے مستحق ہیں، محفوظ دوا منصوبے کا پیغام وزارت اطلاعات کے تعاون سے گھر گھر پہنچایا جائے تاہم اس منصوبے میں تعاون کرنے والی وزارتوں، اداروں اور فارما انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ محفوظ دوا ایپ کے ذریعے دوا کی اصلیت، سرکاری قیمت، دستیابی معلوم کی جاسکے گی، ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی قوت خرید کے مطابق ہونی چاہییں۔

زیادہ پڑھی جانے والی صحت