نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 26 سے 28 جون کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں متوقع وسیع پیمانے پر مون سون بارشوں اور اس سے منسلک سیلاب کے خطرات کے باعث اثراتی بنیاد پر الرٹس جاری کر دیے ہیں۔
قومی ایمرجنسی مینیجمنٹ اتھارٹی کے جمعرات کو جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت متعدد اضلاع میں شدید بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب
لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے، جو کہ نقل و حمل میں خلل، نکاسی آب کے نظام کی بندش اور بنیادی خدمات کی معطلی کا سبب بن سکتا ہے۔
سندھ
سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، جامشورو، شہید بینظیرآباد، اور سجاول میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے، جبکہ جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ، خیرپور، کشمور، تھرپارکر، میرپور خاص، عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹنڈو الہیار، ٹنڈو محمد خان اور بدین میں وسیع پیمانے پر درمیانے سے شدید درجے کی بارش متوقع ہے، جو کہ پانی کی نکاسی میں رکاوٹ، سڑکوں کی بندش اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خیبر پختونخوا
خیبر پختونخوا میں چترال، سوات، شانگلہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور بٹگرام کے اضلاع میں درمیانے سے شدید درجے کی بارش متوقع ہے، جہاں پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر
پاکستان کے زیر انتظام جموں و کشمیرکے اضلاع مظفرآباد، وادی نیلم، باغ، راولا کوٹ، حویلی، اور ہٹیاں بالا میں بھی درمیانے سے شدید درجے کی بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ، اور دریا کی سطح بلند ہونے کے خطرات لاحق ہیں۔ اسی طرح پوٹھوہار ریجن بھی ان موسمی اثرات سے متاثر ہو سکتا ہے۔
گلگت بلتستان
این ڈی ایم اے کے مطابق 26 سے 29 جون کے دوران گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غزر،سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں بھی آندھی اورطوفان کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں ممکنہ بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں اور دریائے ہنزہ، خنجراب، کلک، چپرسان اور دریائے شمشال برالدوکے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں ممکنہ سیلابی صورتحال مختلف علاقوں بشمول خداآباد، کریم آباد، نگر اور گلمیت کے سیاحتی مقامات کونقصان کا اندیشہ ہے لہذا عوام کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ ان علاقوں کے سفر کے دوران احتیاط کریں، مویشیوں و قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر لیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو ہدایت کی ہے کہ پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، جن میں نکاسی آب کی صفائی، عوامی انتباہات جاری کرنا، ایمرجنسی سروسز کی تعیناتی، اور ممکنہ طور پر انخلا یا ریسکیو آپریشنز کے لیے تیاری شامل ہے۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں، خصوصاً نالوں، نشیبی علاقوں، اور ڈھلوانوں کے قریب رہنے والے افراد کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے تمام شہریوں، مسافروں، اور متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ایمرجنسی سروسز کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنی چاہیے۔