ایک انڈین گلوکار اور نغمہ نگار کو ممبئی کی مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک پر خطرناک کرتب دکھانے والی ویڈیو کے بعد قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔
35 سالہ یاسر ڈیسائی، جو بنیادی طور پر بالی وڈ میں پلے بیک گلوکاری کے لیے جانے جاتے ہیں، ایک ویڈیو میں باندرہ-ورلی پل کی ریلنگ پر خطرناک انداز میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ پل شہر کی ایک مرکزی شاہراہ ہے۔
ویڈیو، جو بظاہر ایک سوشل میڈیا شوٹ کا حصہ لگتی ہے، میں ڈیسائی کو ایک کار سے اتر کر پل کے کنارے پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہندستان ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ یہ واقعہ صبح تقریباً چھ بجے پیش آیا، جب عینی شاہدین کے مطابق ڈیسائی کے ساتھ تین دیگر افراد بھی موجود تھے اور مبینہ طور پر یہ گروپ واقعے کے بعد کار میں فرار ہو گیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین ایکسپریس کے مطابق، جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگی تو پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔ حکام نے سی لنک پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے ویڈیو کی تصدیق کی اور فوری طور پر ڈیسائی اور کم از کم ایک ساتھی کے خلاف شکایت درج کر دی۔
ایک مقامی پولیس افسر نے اخبار کو بتایا: ’ہم نے سی لنک پر سی سی ٹی وی فوٹیج کی نگرانی کرنے والے عملے سے معلومات کی تصدیق کی اور منگل کی شام ڈیسائی اور ویڈیو بنانے والے ان کے ساتھی کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔‘
پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ڈیسائی کے خلاف تعزیراتِ ہند کی ان دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جو عوامی راستوں پر خطرہ پیدا کرنے، لاپرواہی سے گاڑی چلانے، اور دوسروں کی جان یا ذاتی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے سے متعلق ہیں۔
ان پر ایک ایسا جرم کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے جو کئی افراد نے مشترکہ ارادے کے تحت کیا، اور ایک اور الزام خطرناک ڈرائیونگ کا ہے۔
دی انڈپنڈنٹ کو دیے گئے ایک بیان میں، ڈیسائی کے مینیجر پرشانت اوبرائے نے تصدیق کی کہ یہ ویڈیو ایک میوزک ویڈیو شوٹ کا حصہ تھی، اور یہ بھی بتایا کہ گلوکار پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
© The Independent