چین: نوبیاہتا جوڑوں کو شادی کا خرچ بطور انعام دینے کا اعلان

یہ چینی حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت وہ نوجوان جوڑوں کو شادی اور بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔

روایتی عروسی لباس میں ملبوس ایک جوڑا 24 مئی 2025 کو بیجنگ میں شادی کے فوٹو شوٹ کے لیے پوز دے رہا ہے (اے ایف پی)

چین کے مشرقی شہر نِنگبو کی انتظامیہ نے 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان اپنی شادی رجسٹر کروانے والے جوڑوں کے لیے شادی سے متعلق خرچ کے واؤچرز انعام میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ چینی حکومت کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت وہ نوجوان جوڑوں کو شادی اور بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔

چین میں گذشتہ سال شادیوں کی تعداد 20 فیصد تک کم ہوئی جو اب تک کی سب سے بڑی کمی ہے۔ چینی شہریوں میں شادی اور خاندان شروع نہ کرنے کی وجہ بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم کے زیادہ اخراجات کو قرار دیا جاتا رہا ہے۔

نِنگبو کے سول افیئرز ڈیپارٹمنٹ نے اپنے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ پر بتایا کہ نوبیاہتا جوڑے آٹھ شادی واؤچرز حاصل کر سکتے ہیں جن کی مجموعی مالیت ایک ہزار یوان (141 امریکی ڈالر) ہے۔

بیان کے مطابق یہ واؤچرز فوٹوگرافی، شادی کی تقریبات اور جشن، ہوٹل میں رہائش، ریٹیل اور شادی کی تقریبات پر خرچ کیے جا سکیں گے۔

انتظامیہ کے بیان میں مزید کہا گیا: ’واؤچرز کی تعداد محدود ہے اور انہیں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے گا۔‘

اسی طرح کے اقدامات مشرقی شہروں جیسے ہانگژو اور پنگ ہو میں بھی کیے گئے ہیں، جنہوں نے اعلان کیا ہے کہ سال کے آخر تک نقد واؤچرز جاری کیے جائیں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چینی حکام کے لیے شادی اور بچوں کی پیدائش میں عدم دلچسپی تشویش ہے کیوں کہ چین دنیا کی دوسری سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے جو تیزی سے بڑھاپے کی طرف جا رہی ہے۔

گذشتہ سال اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکام نے کچھ اقدامات کیے جن میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کو ’لَو ایجوکیشن‘ فراہم کرنے کی ہدایت بھی شامل تھی تاکہ شادی، محبت، افزائش اور خاندان سے متعلق مثبت سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔

بیجنگ نے مقامی حکومتوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ آبادی کے بحران کے حل کے لیے وسائل مختص کریں اور مناسب عمر میں شادی اور بچے پیدا کرنے کے کلچر کو فروغ دیں۔

ایک ارب 40 کروڑ آبادی والے ملک میں گشتہ سال صرف 61  لاکھ جوڑوں نے شادی رجسٹر کروائی جو ایک سال پہلے کے تقریباً 77 لاکھ کے مقابلے میں کہیں کم ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی نئی نسل