بین سٹوکس سے ہاتھا پائی کی تصاویر مذاق تھا: اہلیہ

میڈیا میں کچھ تصاویر سامنے آئیں جن میں بین سٹوکس کو اپنی اہلیہ کا گلا دباتے دیکھا گیا، جس کے بعد ٹوئٹر پر کلیر سٹوکس نے کہا کہ بین اور وہ پیار کا اظہار کرنے کے لیے ’ایک دوسرے کے چہرے کو دباتے ہیں۔‘

 انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان  بین سٹوکس اور ان کی اہلیہ کلیر  اگست 2018 میں کورٹ آتے ہوئے (روئٹرز)

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بین سٹوکس نے اپنی اہلیہ سے ہاتھا پائی کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

’گائیڈو فاکس‘ ویب سائٹ نے 28 سالہ انگلش آل راونڈر اور ان کی اہلیہ کی تصاویر شائع کی تھیں اور خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ سٹوکس گذشتہ ہفتے ایوارڈز کی ایک تقریب کے دوران مبینہ طور پر بظاہر اپنی اہلیہ کا گلا دبا رہے تھے۔

بین کی اہلیہ کلیر سٹوکس نے اس خبر کو ’احمقانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر اپنی محبت کے اظہار کے لیے ’ایک دوسرے کے چہرے کو دِباتے رہتے ہیں۔‘

کلیر نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ’یہ ناقابل یقین ہے کہ کیسے لوگ احمقانہ باتوں کا پتنگڑ بنا لیتے ہیں۔ میں اور بین ہنسی مذاق میں ایک دوسرے کے چہروں کو دباتے ہیں، یہ پیار کا اظہار کرنے کا ہمارا طریقہ ہے۔ تاہم کسی پاپارازی (فوٹوگرافر) نے اس کو الگ رنگ دے کر اپنی پاگل پن پر مبنی کہانی گھڑنے کی کوشش کی اور اس سب کے 20 منٹ بعد ہی ہم میکڈونلڈ میں رومانوی کھانا کھا رہے تھے۔‘

بعد ازاں انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان نے اپنی اہلیہ کی ٹویٹ کو کِسنگ فیس ایموجی کے ساتھ ری ٹویٹ کیا۔

’گائیڈو فاکس‘ نے جو تصویر شیئر کی وہ 2 اکتوبر کو کیمڈین راونڈ ہاوس میں منعقدہ 50 ویں پروفیشنل کرکٹرز اسوسی ایشن ایوارڈز کی تقریب کے دوران لی گئی تھی جسں میں بین کو پی سی اے پلیئر آف دا ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

کلیر سٹوکس نے ٹوئٹر پر اس تقریب کے دوران لی گئی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اور ان کے شوہر مسکرا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ایک اور جس میں وہ شوہر کے چہرے کو ’سکویش‘ کرتی (پیار سے دباتی) نظر آئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس جوڑے نے اکتوبر 2017 میں شادی کی تھی اور اب ان کے دو بچے بھی ہیں۔

گذشتہ برس بین کو برسٹل میں ایک نائٹ کلب کے قریب  ہونے والے جھگڑے کے مقدمے میں عدالت نے بری کر دیا تھا جہاں ان کے مطابق وہ ایک ہم جنس پرست جوڑے کو ہم جنسی کے مخالف افراد سے بچا رہے تھے۔

اس جھگڑے کی وجہ سے انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ان پر کھیل کو بدنام کرنے کی وجہ سے 30 ہزار پاؤنڈ جرمانے کے ساتھ آٹھ میچوں کی پابندی بھی عائد کی تھی۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن نے بین اور ان کی اہلیہ کے درمیان مبینہ ہاتھا پائی کے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’ہم نے کلیر اور بین دونوں کے ساتھ ساتھ دیگر افراد سے بھی بات کی ہے اور سبھی نے گذشتہ ہفتے پی سی اے ایوارڈز میں لی گئی تصویروں کے پیچھے ان کے ’معصوم‘ مقصد کو واضح کر دیا ہے۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ گھریلو تشدد سے متاثر ہونے والے لاکھوں افراد کے لیے یہ ایک بہت ہی حقیقی اور سنجیدہ مسئلہ ہے تاہم یہاں (بین اور کلیر کے درمیان) یہ معاملہ نہیں ہے۔‘

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ