انڈیا کے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان شبمن گل نے ہفتے کو کہا کہ وہ سلیکٹرز کی جانب سے ٹی20 ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر کیے جانے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔
26 سالہ گل نے اس چونکا دینے والے فیصلے کو اپنی ’قسمت‘ قرار دیا ہے۔
وہ اتوار سے وڈودرا میں نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں انڈیا کی قیادت کریں گے، جس کے بعد ٹیم کے کئی کھلاڑی پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز میں حصہ لیں گے۔
انڈین سلیکٹرز نے حیران کن طور پر گل کو ٹی20 سکواڈ سے ڈراپ کر دیا تھا کیونکہ انہوں نے گذشتہ 15 ٹی20 میچوں میں 24.25 کی اوسط سے صرف 291 رنز بنائے تھے۔
گل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’سب سے پہلے تو میرا یقین ہے کہ میں اپنی زندگی میں وہیں ہوں جہاں مجھے ہونا چاہیے۔ جو میری قسمت میں لکھا ہے، وہ مجھے مل کر رہے گا۔‘
انہوں نے کہا ’ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میرا مقصد اپنی ٹیم کے لیے میچ جیتنا ہے لیکن اس کے باوجود میں سلیکٹرز کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ میں ٹی20 ٹیم کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ ورلڈ کپ جیتے۔‘
انڈیا، جس کی قیادت سوریا کمار یادو کر رہے ہیں، سات فروری سے آٹھ مارچ تک کھیلے جانے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے دفاعی چیمپیئن ہے۔
اس سے قبل انڈیا نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے گا، جن میں توجہ کا مرکز وراٹ کوہلی اور روہت شرما ہوں گے۔
کوہلی اور شرما، جو 2024 میں بارباڈوس میں ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، اب صرف ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں۔
گل نے کہا کہ ان دونوں عظیم کھلاڑیوں کی موجودگی کسی بھی کپتان کے لیے بے حد قیمتی ہے۔
’یقینی طور پر جب آپ کی ٹیم میں یہ دونوں کھلاڑی ہوں تو آپ کی ذمہ داری بہت آسان ہو جاتی ہے۔
’اور جب بھی آپ کسی مشکل صورتحال میں ہوں تو وہ اپنی زندگی میں کئی بار ایسی صورتحال اور حالات سے گزر چکے ہوتے ہیں۔
’اس لیے آپ ہمیشہ ان سے مشورہ لے سکتے ہیں کہ وہ کیا سوچ رہے ہیں یا ایسی حالت میں کیا کرتے۔ ان کا مشورہ کسی بھی کپتان کے لیے انتہائی قیمتی ہوتا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
37 سالہ کوہلی اور 38 سالہ شرما حالیہ عرصے میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں اور سینچریاں بنا کر اپنی پرانی کارکردگی کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے ون ڈے کپتان مائیکل بریسویل انڈیا کی کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے خواہش مند ہیں، خصوصاً ٹی20 ورلڈ کپ سے ایک ماہ قبل۔
بریسویل نے کہا ’یہاں آ کر کھیلنا ہمیشہ مزہ دیتا ہے۔ ٹی20 ورلڈ کپ سے ایک ماہ پہلے ان کنڈیشنز کے مطابق ہونا ہمارے لیے فائدہ مند ہوگا۔
’آپ چاہے انہی میدانوں میں نہ کھیلیں لیکن عمومی طور پر پچوں کے مزاج کو سمجھنا ضروری ہے۔‘
بریسویل نے بتایا کہ وہ پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس کے وقت کریں گے۔
تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ فاسٹ بولر کرسٹین کلارک ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ڈیبیو کریں گے۔