ایران کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر اسرائیلی، امریکی حملہ: ایرانی میڈیا

صوبہ خوزستان کے ڈپٹی گورنر کے حوالے سے فارس نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ ’ماہشہر کے خصوصی پیٹرو کیمیکل زون میں دھماکے ہوئے ہیں۔‘

ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کا آج 34 واں دن ہے۔

 امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔

اس جنگ کی تازہ ترین اپ ڈیٹس۔

 


دن 1 بج کر 25 منٹ

ایران کے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پر اسرائیلی، امریکی حملہ: ایرانی میڈیا 

اے ایف پی نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ہفتے کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں جنوب مغربی ایران کے ایک پیٹرو کیمیکل مرکز کو نشانہ بنایا گیا جس سے علاقے کی کئی کمپنیاں متاثر ہوئیں۔

صوبہ خوزستان کے ڈپٹی گورنر کے حوالے سے فارس نیوز ایجنسی نے بتایا، ’ماہ شہر کے خصوصی پیٹرو کیمیکل زون میں دھماکے ہوئے ہیں۔‘

فارس کے مطابق ’ماہ شہر پر امریکی اور اسرائیلی حملے‘ کی زد میں علاقے کی تین کمپنیاں آئیں، جبک ہ تسنیم نیوز ایجنسی نے کہا کہ 'نقصان کی حد ابھی تک نامعلوم ہے۔‘

 


صبح 10 بج کر 50 منٹ

ایران نے امریکہ کے دو طیارے مار گرائے: اے پی

ایسوسی ایٹڈ پریس نے ہفتے کو رپورٹ کیا ہے کہ تقریباً پانچ ہفتے قبل شروع ہونے والی جنگ میں ایک ڈرامائی پیش رفت کے دوران، ایران کی جانب سے دو الگ الگ حملوں میں دو امریکی فوجی طیارے مار گرائے جانے کے بعد ایک امریکی اہلکار کو بچا لیا گیا اور کم از کم ایک لاپتہ ہے۔

اس جنگ میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب امریکی طیاروں کو مار گرایا گیا ہے اور یہ واقعہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قوم سے خطاب میں یہ کہنے کے صرف دو دن بعد پیش آیا ہے کہ امریکہ نے ’ایران کو شکست دے کر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔‘

امریکی حکام نے بتایا کہ ایک جنگی طیارہ ایران میں مار گرایا گیا۔ اس طیارے کے عملے کے ایک امریکی رکن کو بچا لیا گیا، لیکن دوسرا لاپتہ ہے اور امریکی فوج کا تلاش اور بچاؤ کا آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہ ایک امریکی اے 10 اٹیک طیارہ ایرانی دفاعی افواج کا نشانہ بننے کے بعد خلیج فارس میں گر کر تباہ ہو گیا۔

 نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کرتے ہوئے ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا طیارہ گر کر تباہ ہوا یا اسے مار گرایا گیا۔

اے ایف پی کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران کے اندر تباہ ہونے والے پہلے امریکی جنگی طیارے کے عملے کے ایک رکن کی تلاش کے لیے ہفتے کی صبح ایرانی اور امریکی افواج کے درمیان دوڑ لگ گئی۔

تہران نے کہا ہے کہ اس نے ایف 15 جنگی طیارے کو مار گرایا ہے۔ 

امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایف 15 کے گرنے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا لیکن وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے کہا ’صدر کو بریفنگ دی گئی ہے۔‘

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے این بی سی ٹیلی ویژن کو بتایا کہ ایف 15 طیارے کا نقصان ایران کے ساتھ مذاکرات کو متاثر نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نہیں، بالکل نہیں۔ نہیں، یہ جنگ ہے۔‘


صبح نو بجے

24 گھنٹے میں ایران میں 200 سے زائد حملے 

ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی نے جمعے کو رپورٹ کیا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران ایران میں 200 سے زائد حملے ہوئے ہیں۔

ایچ آر اے این اے کے مطابق، 13 صوبوں میں ہونے والے ان سینکڑوں حملوں کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص جان سے گیا۔


صبح 8 بج کر 30 منٹ

سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے پر ایرانی حملے سے زیادہ نقصان ہوا: رپورٹ 

اے ایف پی نے امریکی اخبار دا وال سٹریٹ جرنل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ تین مارچ کو سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے پر ایرانی حملے سے اس سے کہیں زیادہ نقصان ہوا جتنا پہلے ظاہر کیا گیا تھا۔

رپورٹ میں موجودہ اور سابق امریکی حکام نے بتایا کہ حملے سے سفارت خانے کی تین منزلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

اس معاملے سے واقف لوگوں کے مطابق، حملے میں کمپاؤنڈ میں موجود سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔


صبح 8 بجے

امریکی جنگی طیارہ گرنے کے بعد ٹرمپ ’خوف زدہ‘ ہیں: جان بولٹن 

ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ ایران کے اوپر امریکی جنگی طیارہ گرائے جانے کے بعد ایک اہلکار کے لاپتہ ہونے پر امریکی صدر ’پینک موڈ‘ میں ہیں۔

’آپ کے خیال میں صدر نے آج کیمرے پر اس بارے میں بات کیوں نہیں کی؟' سی این این کی کیٹلان کولنز نے بولٹن سے پوچھا، جو ٹرمپ کے ایک نقاد کے طور پر ابھرے ہیں۔

بولٹن نے جواب دیا کہ ’وہ شاید دوبارہ خوف زدہ ہو چکے ہیں اور یہ خواہش کر رہے ہیں کہ انہیں فتح کا اعلان کرنے اور اس جنگ سے نکلنے کا کوئی راستہ مل جائے۔‘

ٹرمپ نے جمعے کو فون پر دو مختصر انٹرویوز دیے، جن میں دی انڈپینڈنٹ کو دیا گیا ایک انٹرویو بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے اس بات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ امریکی طیارہ گرنے کے بعد لاپتہ ہونے والا اگر اہلکار پکڑا جاتا ہے یا اسے نقصان پہنچتا ہے تو امریکہ کیا کرے گا؟

انہوں نے کہا، ’میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا کیوں کہ ہمیں امید ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔‘


صبح 7 بج کر 30 منٹ

اوریکل کی عمارت پر ملبہ گرنے سے کوئی زخمی نہیں ہوا: دبئی

دبئی کے حکام نے ہفتے کو بتایا کہ فضا میں ہدف کو تباہ کرنے کے بعد امارات کے انٹرنیٹ سٹی میں اوریکل کی عمارت کے بیرونی حصے پر ملبہ گرنے سے کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اوریکل ان 18 امریکی کمپنیوں کی فہرست میں شامل ہے جنہیں ایران کے پاسداران انقلاب نے ملک پر ہونے والے حملوں کے جواب میں نشانہ بنانے کا عہد کیا ہے۔


 

صبح چھ 6 بج کر 30 منٹ

ایران کا اسرائیل پر میزائل حملہ

اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس نے ایران سے داغے گئے میزائلوں کا پتہ لگایا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ٹیلی گرام پر کہا ’دفاعی نظام خطرے کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘


صبح چھ بج کر 20 منٹ

ٹرمپ نے ڈیڑھ کھرب ڈالر کا دفاعی بجٹ مانگ لیا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قانون سازوں سے 2027 کے لیے 1.5 کھرب ڈالر کے بھاری دفاعی بجٹ کی منظوری دینے کا مطالبہ کیا ہے، کیوں کہ امریکہ کو ایران کے ساتھ جنگ اور بڑھتی ہوئی عالمی سکیورٹی ذمہ داریوں کی وجہ سے بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا ہے۔

یہ تجویز پینٹاگون کے اخراجات میں ایک ہی سال میں 40 فیصد سے زیادہ کا اضافہ کر دے گی جو دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے تیزی سے ہونے والا اضافہ ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا