پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے فضائی ایندھن کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کے باعث متعدد رعایتیں ختم اور کئی بین الاقوامی روٹس عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اعلیٰ سطحی اجلاس میں تیل کی بڑھتی ہوئی لاگت اور ممکنہ مالی نقصانات سے بچاؤ کے لیے منصوبہ ترتیب دیا گیا، جس کے تحت تمام ڈسکاؤنٹس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم بچوں اور نوزائیدہ بچوں کے لیے رعایت برقرار رہے گی۔پی آئی اے نے بیجنگ اور کوالالمپور کے لیے اپنی پروازیں بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
خلیجی ممالک کے لیے پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جا رہی ہیں تاہم متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی پروازیں ان میں شامل نہیں ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے فضائی آپریشن کو محدود کرتے ہوئے ہفتہ وار 16 پروازوں تک کر دیا جائے گا۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی بار اضافے کے بعد یہ فیصلے ناگزیر ہو گئے تھے، کیونکہ ایندھن کی بڑھتی لاگت کا مکمل بوجھ مسافروں پر منتقل نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان نے امید ظاہر کی کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں جلد معمول پر آ جائیں گی، جس کے بعد متاثرہ روٹس کو دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔