خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے والا ملزم پولیس مقابلے میں جان سے گیا: ڈی آئی جی کوئٹہ

کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ سینڈیمن سول ہسپتال میں ہفتے کو لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے والا ملزم ہمایوں شاہ ’ہتھیار ڈالنے کے حکم پر فائرنگ کرنے‘ کے بعد مارا گیا۔

28 فروری، 2024 کی اس تصویر میں کوئٹہ پولیس کے اہلکار ایک سڑک پر سکیورٹی کے لیے کھڑے دکھائی دیتے ہیں(اے ایف پی)

کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ سینڈیمن سول ہسپتال میں ہفتے کو لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے والا ملزم ہمایوں شاہ پولیس سرچ آپریشن کے دوران ’ہتھیار ڈالنے کے حکم پر فائرنگ کرنے‘ کے بعد مارا گیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے کہا ہے کہ ’ملزم کو نوشکی بس سٹاپ کے قریب دیکھا گیا۔ جب پولیس نے اسے ہتھیار ڈالنے کو کہا تو اس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ملزم مارا گیا۔‘

کوئٹہ کے سینڈیمن سول ہسپتال کے سرجیکل وارڈ میں ہفتے کی دوپہر کو ایک خاتون ڈاکٹر پر لفٹ آپریٹر نے تیزاب پھینک دیا، جس کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ملزم کی عدم گرفتاری پر ہسپتالوں میں غیر معینہ مدت تک ہڑتال اور طبی سروسز کے بائیکاٹ کے بیانات دیے تھے۔

وارڈ میں موجود عینی شاہدین کے مطابق ہفتے کی دوپہر ایک نوجوان نے سرجیکل وارڈ کا دروازہ کھٹکھٹایا اور جیسے ہی پی جی ڈاکٹر ماہ نور ناصر باہر آئیں، اس نے ان پر تیزاب پھینک دیا۔

فوکل پرسن ٹراما سینٹر عین الدین قریشی کے مطابق وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت کی ہدایت پر ڈاکٹر کو فوری طور پر آریا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم کے معائنے کے بعد کراچی منتقلی کا فیصلہ ہوا اور ائیر ایمبولینس کو تیار رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر عبدالہادی کا کہنا ہے کہ متاثرہ ڈاکٹر کے جسم کا 50 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔

واقعے میں خاتون ڈاکٹر کا چہرہ اور جسم شدید متاثر ہوا، جبکہ انہیں بچانے کی کوشش کرنے والا ایک اور شخص بھی زد میں آکر زخمی ہو گیا۔

وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند نے میڈیا کو بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت ہمایوں شاہ کے نام سے کی گئی اور پولیس نے وائرلیس اور سوشل میڈیا گروپس پر ملزم کی گرفتاری کے پیغامات نشر کر دیے گئے۔

سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالہادی نے پریس کانفرنس کے دوران تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ واقعے کے فوری بعد ہسپتال کے دیگر ملازمین نے ملزم کو قابو کرنے کی پوری کوشش کی تھی لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان