عمان کی دقم بندرگاہ پر لنگر انداز ایک ٹینکر پر موجود 35 سالہ انڈین ملاح نِشانت اُرتھاناتھن کی طبی پیچیدگیوں کے باعث موت واقع ہو گئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مسقط میں انڈین سفارت خانے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ’ایم ٹی سیلیسٹیئل نامی بحری جہاز پر موجود ایک انڈین شہری کی طبی پیچیدگیوں کے باعث موت واقع ہوئی، جب جہاز عمان کی دقم بندرگاہ پر کھڑا تھا۔‘
رپورٹ کے مطابق نِشانت اُرتھاناتھن، جن کا انتقال 11 جون کو ہوا تھا، کی میت دو روز سے زائد عرصے تک جہاز پر مناسب ریفریجریشن کے بغیر موجود رہی۔
فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ عملہ میت کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹھنڈے پانی کی بوتلوں کا استعمال کر رہا تھا تاکہ گلنے سڑنے کے عمل کو سست کیا جا سکے، جس سے صحت کے خطرات بھی پیدا ہو رہے تھے۔
سفارت خانے کے مطابق متوفی کی میت جلد انڈیا منتقل کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
عمانی ساحل کے قریب انڈین پرچم بردار جہاز کے ساتھ ایک اور واقعہ
عمان کے دارالحکومت مسقط میں انڈین سفارت خانے نے اتوار کو کہا ہے کہ عمانی ساحل کے قریب ایک اور انڈین پرچم کے جہاز کے ساتھ ایک واقعہ پیش آیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان کے مطابق ’مشن کو اطلاع ملی ہے کہ ایک واقعہ پیش آیا ہے جس میں انڈین پرچم بردار وراٹ 1 میکانائزڈ سیلنگ ویسل شامل ہے، جو عمان کے ساحل کے قریب تھا اور اس پر مبینہ طور پر 14 انڈینز کا عملہ سوار تھا۔ سرچ اینڈ ریسکیو کارروائی عمانی حکام اور واقعے کے قریب موجود جہازوں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت کی جا رہی ہے۔‘
The Mission has learnt of an incident involving an Indian Flagged Mechanised Sailing Vessel Virat 1, off the coast of Oman, reportedly embarked with 14 Indian crew. Search and Rescue is being coordinated with the Omani authorities and vessels in vicinity of the incident.
— India in Oman (Embassy of India, Muscat) (@Indemb_Muscat) June 14, 2026
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ بات سامنے آئی ہے کہ جہاز کو انجن کی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، اور عملہ بالآخر محفوظ طریقے سے ایک لائف رافٹ پر منتقل ہو گیا۔ ریسکیو آپریشن اس وقت قریب موجود جہازوں کے ذریعے جاری ہے، جس کی نگرانی عمانی حکام کر رہے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل عمان کے قریب ایک ٹینکر پر امریکی حملے میں تین انڈین ملاح جان سے گئے تھے، جس پر انڈیا میں عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رواں ہفتے گروپ آف سیون (جی 7) اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے یہ معاملہ اٹھائیں۔
جمعے کو انڈیا نے ایران کے خلاف جاری امریکی۔اسرائیلی جنگ کے دوران شہری بحری جہازوں پر حملوں کے معاملے پر امریکہ کے سامنے ایک بار پھر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔
انڈیا کی وزارت خارجہ نے بتایا کہ امریکی ناظم الامور کو طلب کر کے شہری جہاز رانی کے خلاف مہلک طاقت کے استعمال پر اپنی ’گہری تشویش‘ سے آگاہ کیا گیا۔
انڈیا کے 3 لاکھ سے زائد ملاح دنیا بھر کے تجارتی بحری بیڑوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ 18 ہزار سے زیادہ انڈین ملاح مشرقِ وسطیٰ میں ملازمت کر رہے ہیں۔