فٹ بال ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود کیپ ورد میں شاندار جشن

کیپ ورد میں لوگ ارجنٹینا سے ہارنے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔

تین جولائی، 2026 کو پرایا میں ارجنٹینا کے خلاف 2026 فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے میچ کے دوران کیپ ورد کے حامیوں کا ایک انداز (اے ایف پی)

تالیوں کی گونج، ڈھول کی تھاپ اور گاڑیوں کے ہارن: یہ صورت حال تھی جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کیپ ورد کے دارالحکومت پرایا میں کیونکہ لوگ ارجنٹینا سے ہارنے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔

پانچ لاکھ سے کچھ زیادہ آبادی پر مشتمل اس افریقی جزیرہ نما ملک نے اپنی تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرتے ہوئے گروپ مرحلے میں یورپی چیمپیئن سپین، یوراگوئے اور سعودی عرب کے خلاف ڈرا کھیل کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

تاہم میامی میں کھیلے گئے سنسنی خیز راؤنڈ آف 32 کے مقابلے میں کیپ ورد نے دفاعی چیمپیئن ارجنٹینا کو آخری لمحات تک سخت ٹکر دی لیکن ارجنٹینا نے 3-2 سے کامیابی حاصل کر کے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔

پرایا میں سڑکوں پر جشن منانے والے شائقین میں سے ایک، ادیلسن سواریز نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ہم میچ ہار گئے لیکن ہمیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم نے فتح حاصل کی ہو کیونکہ ہم نے عالمی چیمپیئن کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا۔ کیپ ورد نے شاندار کھیل پیش کیا۔‘

بحر اوقیانوس میں واقع یہ جزیرہ نما ملک رواں برس 48 ٹیموں پر مشتمل توسیع شدہ ورلڈ کپ کی سب سے حیران کن اور متاثر کن کہانیوں میں سے ایک بن گیا، جس نے تمام اندازوں کو غلط ثابت کیا۔

پرایا میں جشن کا سلسلہ رات تقریباً تین بجے تک جاری رہا، جہاں گلیوں میں ووو زیلا بجائے گئے اور براہ راست موسیقی کی محفلیں سجتی رہیں۔

پرایا کے ایک فین زون میں موجود پیڈرو راموس نے اے ایف پی سے کہا ’کیپ ورد ورلڈ کپ سے سر اٹھا کر رخصت ہو رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا ’ہم ارجنٹینا کو شکست دینے کے بہت قریب پہنچ گئے تھے۔ ہمیں خواب دیکھنے کا موقع ملا اور ہمیں خوشی ہے کہ بلیو شارکس نے ارجنٹینا کو سخت پریشان کر دیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میچ کے 60 ویں منٹ میں فلوریڈا میں موجود ارجنٹینا کے شائقین کی بڑی تعداد اس وقت حیران رہ گئی جب ڈیرائے ڈوارٹے نے کیپ ورد کے لیے برابری کا گول کر کے مقابلہ اضافی 30 منٹ تک پہنچا دیا۔

تاہم 111ویں منٹ میں ارجنٹینا کے کرسچیان رومیرو کے دباؤ میں کیپ ورد کے دفاعی کھلاڑی ڈائنی بورجیس سے اپنے ہی گول میں گیند چلی گئی، جس کے نتیجے میں ارجنٹینا نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی اور کوارٹر فائنل میں مصر کے خلاف کھیلنے کا حق حاصل کر لیا۔

عالمی چیمپیئن کے خلاف کیپ ورد کی غیرمعمولی کارکردگی اور آخری لمحے تک جاری رہنے والے اس مقابلے نے شائقین کو یہ احساس دلایا کہ وہ ایک تاریخی لمحے کے گواہ ہیں۔

سفارت کار آرمانڈو لوپیز نے کہا ’ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے ہم ورلڈ کپ کا فائنل دیکھ رہے ہوں۔ کس نے سوچا تھا کہ کیپ ورد ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو اضافی وقت کھیلنے پر مجبور کر دے گا؟‘

میچ سے قبل کیپ ورد کے کوچ بوبستا نے کہا تھا ’ہم پرسکون ہیں کیونکہ ہم نے اپنی صلاحیت کی بنیاد پر یہاں تک رسائی حاصل کی ہے، اس لیے ہمیں کسی قسم کا خوف یا غیر ضروری پریشانی نہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا ’ہم جانتے ہیں کہ یہ میچ ہمارے لیے کتنا اہم ہے۔ یہ ہماری زندگی کا سب سے بڑا میچ ہے لیکن ہم اس سے لطف اندوز ہوں گے اور اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال