پاکستان بطور مخلص سہولت کار اپنا کردار جاری رکھے گا: وزیر اعظم

وزیر اعظم نے ایرانی وزیر داخلہ سے ملاقات میں خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

شہباز شریف 21 جولائی 2026 کو وزیراعظم ہاؤس میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کر رہے ہیں (پی ایم او)

وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے بطور ’مخلص سہولت کار‘ اپنا کردار جاری رکھے گا اور تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے یہ بات منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کے دوران کہی جو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر ہیں۔

وزیر اعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

پی ایم او سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے اس ماہ کے آغاز میں تہران کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے، جہاں انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی تھی، سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھیجا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔

اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ان سفارتی کوششوں کو سراہا جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے تہران کے دورے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون، علاقائی صورت حال اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاقائی سلامتی کے لیے قریبی رابطہ کاری کا میکنزم برقرار رہے گا: آئی ایس پی آر

ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے منگل کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ کاری اور باہمی تعاون کے موجودہ میکنزم کو برقرار رکھا جائے گا۔‘

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ سرحد کے بہتر انتظام پر بھی گفتگو ہوئی۔

ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے خاتمے کی حوصلہ افزائی کرنے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے مستقل سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ علاقائی صورتحال میں ایک ناگزیر اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان