نئے آئی فون کی لانچنگ سے قبل ہواوے اور شیاؤمی کے فولڈ ایبل فون متعارف

ہواوے نے دو بار فولڈ ہونے والا میٹ ایکس ٹی ٹو جبکہ شیاؤمی نے پاسپورٹ سائز کا ’شیاؤمی 18 فولڈ‘ متعارف کرا دیا۔

چین کے شہر بیجنگ میں سات ستمبر 2026 کو ہواوے کے سٹور میں فولڈ ایبل سمارٹ فون میٹ ایکس ٹی 2 متعارف کرایا گیا (روئٹرز)

ایپل کی جانب سے نئے فون کی لانچنگ سے دو روز قبل چین کی ٹیک کمپنیوں ہواوے اور شیاؤمی نے پیر کو اپنے نئے فلیگ شپ فولڈ ایبل سمارٹ فونز متعارف کرا دیے، جس کے ساتھ پریمیم موبائل فون مارکیٹ میں مقابلہ مزید بڑھ گیا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایپل نو ستمبر یعنی بدھ کو اپنی نئی مصنوعات متعارف کرانے والا ہے۔

ہواوے کی نئی میٹ ایکس ٹی ٹو  سیریز دو بار کھل کر ٹیبلٹ کے سائز کی سکرین میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ فون میں کمپنی کی Kirin 9050 Pro  چِپ، بہتر فولڈنگ میکانزم، پانی سے بہتر تحفظ اور پرائیویسی سکرین شامل ہے جو قریب موجود افراد کو سکرین دیکھنے سے روکتی ہے۔

ان ڈیوائسز کی قیمت 19  ہزار 999 یوآن (دو ہزار 980 ڈالر) سے شروع ہوتی ہے جبکہ سب سے مہنگے ورژن کی قیمت 24  ہزار 999 یوآن (تین ہزار 725 ڈالر) ہے۔ ان فونز کی فروخت 12 ستمبر سے شروع ہوگی۔

ہواوے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رچرڈ یو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا: ’اس وقت قیمت مقرر کرنا واقعی ایک چیلنج ہے کیونکہ میموری کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے بہت سی نئی ٹیکنالوجی استعمال کی ہے اور لاگت کا دباؤ بہت زیادہ رہا ہے۔‘

ہواوے کا کہنا ہے کہ نئی چِپ کا ڈیزائن کم بیٹری پاور استعمال کرتے ہوئے زیادہ کمپیوٹنگ طاقت فراہم کرتا ہے۔

لاجک فولڈنگ‘ نامی یہ آرکیٹیکچر ہواوے کے متعارف کرائے گئے ’ٹاؤ سکیلنگ لا‘ اصول پر مبنی ہے جسے ہواوے نے مئی میں متعارف کرایا تھا۔

یہ کمپنی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی پر امریکی پابندیوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔

شیاؤمی کا ایپل کو چیلنج

ایک الگ تقریب میں شیاؤمی نے اب تک کا اپنا سب سے مہنگا فون ’شیاؤمی 18 فولڈ‘ متعارف کرایا۔ اس ڈیوائس میں شیاؤمی کے مطابق ’میڈیم فولڈ سلوشن‘ استعمال کیا گیا ہے، جس کے بند ہونے پر اس کا سائز پاسپورٹ جتنا رہتا ہے، جبکہ کھولنے پر سکرین پر بیک وقت تین ایپس ایک ساتھ چلائی جا سکتی ہیں۔

شیاؤمی کے چیف ایگزیکٹو لی جون نے کہا کہ اس ڈیوائس کو ایپل کی مصنوعات پر کئی برتری حاصل ہے۔ ان کے مطابق فون کا وزن 219 گرام اور کھلی حالت میں موٹائی صرف 5.02 ملی میٹر ہے، جو ایپل کے آئی فون پرو میکس سے بھی کم ہے۔

یہ فون شیاؤمی کے تیار کردہ XRing O3 AI  پروسیسر سے لیس ہے۔ لی جون کے مطابق یہ پروسیسر ردعمل کے اعتبار سے ایپل کی A19 Pro  چِپ سے بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔ فون میں چینی میموری چِپ ساز کمپنی CXMT کی فراہم کردہ DRAM میموری چِپس بھی استعمال کی گئی ہیں۔

’شیاؤمی 18 فولڈ‘ کی قیمت 10  ہزار 999 یوآن (ایک ہزار 540 ڈالر) سے شروع ہو کر 14 ہزار 999 یوآن (دو ہزار 100 ڈالر) تک ہے۔

سام سنگ اب بھی فولڈ ایبل فونز کا سب سے بڑا فروخت کنندہ

یہ دونوں چینی فون ایسے وقت میں متعارف کرائے گئے ہیں جب ایپل بدھ کو اپنی نئی آئی فون سیریز پیش کرنے والا ہے۔ توقع ہے کہ ایپل بھی فولڈ ایبل فون متعارف کرا سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہواوے اس وقت واحد بڑا برانڈ ہے جو ٹرائی فولڈ فون فروخت کر رہا ہے۔ چینی ٹیکنالوجی کمپنی کو امریکہ میں اپنی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت نہیں، جہاں واشنگٹن نے اسے قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے رکھا ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی فولڈ ایبل سمارٹ فون کمپنی جنوبی کوریا کی سام سنگ الیکٹرانکس نے دسمبر میں ٹرائی فولڈ ڈیوائس متعارف کرائی تھی، تاہم اطلاعات کے مطابق تین ماہ بعد اس کی فروخت بند کردی گئی۔

جولائی میں سام سنگ نے اپنے فولڈ ایبل فونز کی رینج میں پاسپورٹ کے سائز کا فولڈ ایبل فون بھی شامل کیا۔

کنسلٹنسی آئی ڈی سی کے مطابق دوسری سہ ماہی میں ہواوے 22.6 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ چین کی سمارٹ فون مارکیٹ میں سب سے آگے تھا جبکہ ایپل کا مارکیٹ شیئر 18.1 فیصد اور شیاؤمی کا 12.4 فیصد تھا۔

امریکہ میں قائم تحقیقی کمپنی سمارٹ اینالیٹکس گلوبل کے مطابق فولڈنگ فونز کے معاملے میں ہواوے کی برتری اس سے بھی زیادہ تھی، جس نے دوسری سہ ماہی میں چین میں فولڈ ایبل فونز کی مجموعی ترسیل میں 68  فیصد حصہ حاصل کیا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی