بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 19 عسکریت پسند مارے گئے: آئی ایس پی آر

سکیورٹی فورسز کا شعبان، کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن، صوبیدار محمد جمیل بھی جان سے گئے۔

پاکستان فوج کے اہلکار 9 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں گشت کرتے ہوئے (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

پاکستان فوج نے بدھ کو کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ، کیچ اور کوئٹہ ویسٹ میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 19 عسکریت پسند مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے ایک صوبیدار بھی جان سے گئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں ’انڈیا کے حمایت یافتہ‘ عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ تھے۔

پاکستانی حکام ملک کے شمال مغرب اور جنوب میں سرگرم عسکریت پسندوں کے لیے ’فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں اور انڈیا پر ان کی حمایت کا الزام لگاتے ہیں جس کی نئی دہلی تردید کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر سے شعبان میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔‘

بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کلیئر کیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 13 عسکریت پسند جان سے گئے، جبکہ کلیئر کیے گئے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق 22 اور 23 ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ اور ضلع کوئٹہ ویسٹ میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھی پیشگی آپریشن کیے۔

ان کارروائیوں کے دوران اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید چھ عسکریت پسند جان سے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ضلع ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ شریف سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان سے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان